مزید خبریں

Jamaat e islami

بدین، صوبائی وزیر صحت کا دورہ کلیپ اسپتال، میڈیا بے خبر

 

بدین(نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا دورہ بدین میڈیا طبی اور شہری حلقے بے خبر محکمہ صحت اور ڈی ایچ کیو انڈس انتظامیہ نے صوبائی وزیر صحت کے دورہ کو خفیہ رکھا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اطلاعات کے جاری اعلامیہ کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرہ فضل پیچویو نے دورہ بدین کے موقع پر کلیپ جنرل اسپتال لاہور کی جانب سے سول اسپتال بدین میں لگائے جانے والے کیمپ اور منو بھائی تھیلیسیمیا سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ اچھی صحت ہر فرد کا بنیادی حق ہے سندھ حکومت صحت کی بہتر سہولیات مہیا کرنے کے لیے کوشاں ہے اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت قاسم سراج سومرو ایم پی اے تاج محمد ملاح اسٹنٹ کمشنر کیپٹن (ر) محمد ماجد الطاف اے ڈی سی ون مجیب الرحمن جمالی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شیر محمد نہڑیو انچارج تھیلیسیمیا سینٹر ڈاکٹر ہارون میمن (نشان امیتاز) اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کلیپ اسپتال لاہور کی جانب سے ہونٹ اور تالو کٹے مریضوں کے آپریشن کے لیے سول اسپتال بدین میں لگائے جانے والے کیمپ کے دورے کے دوران ڈاکٹر غلام قادر فیاض نے صحت کی صوبائی وزیر ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کو مکمل بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ سندھ میں کلیپ اسپتال نے 5753 اور ضلعی بدین میں 728 کٹے ہونٹ اور تالو کے مریضوں کے آپریشن کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلیپ اسپتال لاہور پاکستان کے علاوہ افغانستان سمیت دنیا کے 10 ممالک میں کٹے ہونٹ اور تالو کے مریضوں کا آپریشن کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال 35 ہزار بچے دل میں سوراخ والی بیماری کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں مستقبل میں کلیپ اسپتال ان کا بھی علاج کرے گا۔ سول اسپتال کے دورے کے بعد صوبائی وزیر نے منو بھائی تھیلیسمیا کیئر سینٹر بدین کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ہارون میمن (نشان امتیاز) نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا سینٹر میں 650 بچے رجسٹرڈ ہیں اور انہیں مفت خون دیا جاتا ہے۔ ہر ہفتے یا پندرہویں دن میں مفت خون لگایا جاتا ہے۔ ڈاکٹر ہارون نے کہا کہ مریضوں کے آنے جانے کے لیے وین کی ضرورت ہے جس پر صوبائی وزیر نے تھیلیسمیا سینٹر بدین کو ایک وین دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تھیلیسمیا سینٹر کے لیے ڈاکٹر ہارون میمن کی کوششیں قابل تعریف ہیں اس سینٹر کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات اور اسٹاف کو خراج تحسین پیش کیا۔صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے دورہ بدین کو میڈیا طبی اور شہری حلقے کو بھی بے خبر رکھا گیا۔ اس سلسلے میں محکمہ صحت اور ڈی ایچ کیو انڈس انتظامیہ نے صوبائی وزیر صحت کے دورہ کو خفیہ رکھا جس کے باعث بدین کے سیاسی سماجی شہری حلقے اور صحافی صوبائی وزیر صحت کو ڈی ایچ کیو انڈس اسپتال میں علاج کی جدید اور ضروری سہولتوں کی عدم دستیابی ماہر ڈاکٹروں کی کمی عارضہ قلب اور آئی سی یو کا قیام نہ ہونا اور انڈس کے ساتھ سندھ حکومت کے معاہدہ اور ایم آئی یو کے مطابق علاج کی سہولتیں فراہم نہ کرنے کے علاوہ بدین ضلع میں طبی سہولتوں کی عدم دستیابی اور دیگر درپیش مسائل اور شکایات سے آگاہ نہیں کر سکے۔