مزید خبریں

Jamaat e islami

اقتصادی کمیٹی نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد(اے پی پی)اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دیدی۔ وفاقی وزیر خزانہ ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ طارق بشیر چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق مسعود ملک، ایس اے پی ایم برائے خزانہ طارق باجوہ، ایس اے پی ایم برائے ریونیو طارق محمود پاشا، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹرز رانا احسان افضل،بلال اظہر کیانی، وفاقی سیکرٹریز، سینئر افسران اور پی ایس ایم اے کے عہدیداران نے اجلاس میں شرکت کی۔ ای سی سی نے مالی سال 2022-23ء کے دوران چینی کی برآمد سے متعلق وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کی سمری پر غور کیا اور اس کی منظوری دی اور ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی برآمد کی اجازت دی۔ مزید فیصلہ کیا گیا کہ ای سی سی صورت حال کا 15 روزہ بنیاد پر جائزہ لے گی۔ ای سی سی نے مزید ہدایت کی اور پی ایس ایم اے نے عزم کیا کہ چینی کی موجودہ قیمت کم از کم 31جنوری 2023ء تک مقامی مارکیٹ میں نہیں بڑھے گی۔ ای سی سی نے درج ذیل تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹس کی بھی منظوری دی جس میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کے لیے 7ملین، وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کی ترقیاتی اسکیموں پر عمل درآمد کے لیے 743.57ملین روپے کی منظوری دی ۔