مزید خبریں

Jamaat e islami

سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں،ملکی مفاد میں فیصلہ کرنا ہے،صدر مملکت

لاہور (نمائندہ جسارت) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی، ملکی مفاد میں فیصلہ کرنا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی ، سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی ، ایم این اے حسین الٰہی کے درمیان جمعرات کو وزیر اعلیٰ آفس میں ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا اورصوبے کے عوام کے ریلیف کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریف کیا۔ ملاقات میں معیشت کی خراب صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیاگیا اور وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں پر کڑی تنقید کی گئی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چند ماہ کے اندر ہی وفاقی حکومت پاکستان کو اقتصادی لحاظ سے کئی برس پیچھے لے گئی ہے۔معیشت روز بروز گر رہی ہے اور یہ اپنے اقتدار کو طول دینا چاہتے ہیں۔وفاق پر مسلط نااہل ٹولہ صرف اپنی سیاست بچانے میں لگا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ریاست بچانے کا سوال سب سے پہلے ہے اور موجودہ حالات میں سب کو پاکستان کے لیے سوچنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ ہیں اور پنجاب کی وزارت اعلیٰ عمران خان کی امانت ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستانی بن کر صرف پاکستان کا ہی سوچنا ہے۔ سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی، صورتحال کے تحت فیصلے کرنا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک وطن ہم سے اتحاد، یگانگت اور سیاسی رواداری کا تقاضا کر رہا ہے۔ معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور اللہ تعالیٰ سے پوری امید ہے کہ پاکستان کے لیے بہتر راستہ نکل آئے گا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی مدبر سیاستدان ہیں اور سیاسی امور پر صائب رائے رکھتے ہیں۔چودھری پرویز الٰہی سے انتہائی خوشگوار ماحول میں اہم امور پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔