مزید خبریں

Jamaat e islami

پاکستان اور امریکا وسیع البنیاد شراکت داری قائم کررہے ہیں، بلاول

اسلام آباد/ نیویارک (اے پی پی)وزیر خارجہ بلاول زرداری نے امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا دو طرفہ تعلقات میں مثبت سمت کی جانب بڑھ رہے ہیں، ماضی میں ہمارا تعاون دہشتگردی کیخلاف جنگ کے تناظر میں بہت محدوداور مخصوص تھا۔بلاول زرداری کی جنرل اسمبلی کے صدر اور برطانیہ کے وزیر مملکت برائے خارجہ سے ملاقات ہوئی ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے براڈ کاسٹنگ سروس کو انٹرویو میں بلاول زرداری نے کہا کہ پاکستان اور امریکا بہت سے شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں جو ایک اچھی علامت ہے، ہمیں انتہائی مشکل معاشی صورتحال، افراط زر، ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کا سامنا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان اور امریکا کے لیے یہ بات سب سے زیادہ اہم ہے کہ ہم ایسے شعبے تلاش کریں جن میں ہم ایک ساتھ کام کرنے پر متفق ہوں۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ بلاول زرداری نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سابا کوروسی سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے جنرل اسمبلی کی قرارداد منظور کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات، پانی کے بحران، پائیدار ترقی کے اہداف سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ بلاول زرداری سے برطانیہ کے وزیر مملکت برائے خارجہ، دولت مشترکہ اور ڈیولپمنٹ آفس لارڈ طارق احمد آف ومبلڈن نے بھی نیویارک میں ملاقات کی۔