مزید خبریں

Jamaat e islami

پی ٹی آئی کا شریف خاندان کے کیسز ختم ہونے کیخلاف عدالت جانے کا اعلان

لاہور (نمائندہ جسارت) تحریک انصاف نے شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز اور دیگر کی کرپشن کیسز میں بریت کے خلاف عدالت عظمیٰ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان کی مختلف مقدمات میں ضمانت و بریت خلاف تحریک انصاف نے آرٹیکل 184 کے تحت عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عدالت عظمیٰ نے ایک سوموٹو نوٹس لیا ہوا ہے اس میں ہم فریق بنیں گے۔ انہوںنے کہا کہ ہمارا مؤقف ہے کہ مریم نواز، شہباز شریف، حمزہ شہباز کے کرپشن کیسزعدالت عظمیٰ میں کھولے جائیں، جس طرح ان کی اپیلیں فائل ہوئیں اور ان پر فیصلے ہوئے عدالت عظمیٰ ان پر نظرثانی کرے، شریف خاندان نے پاکستان پر اتنے بڑے ڈاکے ڈالے ہیں اس طرح سے اگر وہ سارا پیسہ لے کر برطانیہ چلے جائیں گے تو یہاں کے 20 کروڑ عوام کی جو حق تلفی ہوئی اس کا مداوا کون کرے گا؟۔ انہوں نے عدالت عظمیٰ سے مطالبہ کیا کہ جس طرح عمران خان کی نااہلی کے کیسز تیزی سے سنے جارہے ہیں اسی طرح ان کے خلاف درخواست کو بھی تیزی کے ساتھ سنا جائے، اصل رقم یہ ہے کہ شریف فیملی ملک سے باہر لے گئی۔ فواد چودھری نے کہا کہ ہم نے انتخابات کے لیے ملک کے تمام مقدر حلقوں سے اپیل کردی ہے، سیاست میں جو مداخلت ہورہی ہے اور جو نہیں ہورہی اس کا معلوم ہے، ملک کی نئی لیڈر شپ سے بڑی امیدیں ہیں اور امید کرتے ہیں کہ تمام ادارے پاکستان کا استحکام کی جانب لے جانے میں کردار ادا کریں گے۔