مزید خبریں

Jamaat e islami

کراچی میں مہینوں نہیں، دنوں میں کام ہوتے نظر آئیں گے، گورنر سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر )گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی میں مہینوں میں نہیں بلکہ دنوںمیں کام ہوتے نظر آئیں گے، سابق صدر آصف زرداری سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ہے انہوں نے دو تین روز میں وزیر اعلیٰ سندھ اور پارٹی کے دیگر رہنمائوں سے مشاورت کا وعدہ کیا ہے، امید ہے کہ جلدپیش رفت ہوگی اور کراچی کے حوالے سے اچھی خبریں سننے کو ملیں گی، بحیثیت گورنر میرے لیے تمام سیاسی جماعتیں برابر ہیں، اسلا م آباد میں ایک ملٹی نیشنل کمپنی سے بات ہوئی ہے جو کراچی سمیت سندھ کے نوجوانوں کو 100ڈالر میں لیپ ٹاپ فراہم کرے گی، سفاری پارک کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، اسے ایسا ہونا چاہیے کہ پورے پاکستان سے لوگ یہاں آنے کی خواہش کریں، یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز سفاری پارک میں ہتھنی سونیا اور ملکہ کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن، سینئر ڈائریکٹر رضا عباس رضوی، ڈائریکٹر سفاری پارک سلمان شمسی اور دیگر افسران بھی موجود تھے،تقریب کے مہمان خصوصی گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ تفریح کے ساتھ تعلیم بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے حصول میں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ کراچی میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے ایم کیو ایم کی درخواست عدالت عظمیٰ میں زیر سماعت ہے حلقہ بندیوں کے بغیر بلدیاتی الیکشن نا مناسب رہے گا، ہر سیاسی جماعت کو الیکشن میں حصہ لینا چاہیے اسلا م آباد میں میری ایم کیو ایم کنوینیئر خالد مقبول صدیقی اور وسیم اختر سے ملاقات ہوئی ہے، اور سیاسی حوالے سے معاملات کافی آگے بڑھے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کو بہتر تفریحی سرگرمیوں کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے 207 ایکڑ رقبے پر مشتمل سفاری پارک میں ایک ہزار سے زائد جانور اور پرندے موجود ہیں، سفاری پارک کو مزید بہتر بنانے کے لیے کام ہورہا ہے، اور جلد اس کے نتائج سامنے آئیں گے۔