مزید خبریں

باجوہ سے ڈیل کر کے ملک لوٹنے کیلیے چور واپس آگئے، عمران خان

لاہور(نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ باجوہ سے ڈیل کرکے ملک لوٹنے کیلیے چور واپس آگئے۔عمران خان نے زمان پارک لاہور سے ویڈیو لنک پر طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم باہر جاکر کہتا ہے میں مانگنے تو نہیں آیا لیکن مجبور ہوں، آپ کا وزیراعظم ایسی بات کرکے قوم کی عزت ختم کردیتا ہے، یہ بے شرم انسان ہے چوروں کی کیا عزت ہوتی ہے، یہ اپنا پیسہ چوری کرکے ملک سے باہر بھیجتے ہیں، یہ کہتے ہیں محنت نہیں کریں گے، امداد سے آنے والے پیسے سے کام چلالیں گے۔انہوں نے کہا کہ چوروں کو این آر او ٹو دیکر ملک پر اصل ظلم کیا گیا، جب ان کو پکڑنے لگتے ہیں یہ باہر بھاگ جاتے ہیں، انہوں نے پہلے جنرل(ر) مشرف سے ڈیل کی اور اب جنرل(ر) باجوہ سے ڈیل کی، ڈیل کرکے واپس آگئے اور پھر ملک کو لوٹیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ان چوروں نے اپنے 1100 ارب روپے کے کرپشن کے کیسز معاف کرالیے، این آر او کی گنگا میں دھل کر سب پاک ہورہے ہیں، اسحاق ڈار، سلیمان شہباز بھی پاک ہوگیا، شہباز شریف کے سارے مقدمات ختم ہوگئے۔عمران خان نے کہا کہ نوازشریف واپس آنے کے لیے پر تول رہا ہے اور نیلسن منڈیلا بنا ہوا ہے کہ میرے ساتھ بہت ظلم ہوا، آصف زرداری کے کیسز ختم ہوگئے، اس کی بہن فریال تالپور بھی پاک ہوگئی، پورا سندھ جانتا ہے دونوں بہن بھائی ہر چیز میں کمیشن لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں طاقتور وڈیرے غریب ہاریوں پر جانوروں کی طرح شدید ظلم کرتے ہیں، یہ ظلم ہے چھوٹا چور جیل میں اور بڑے ڈاکو باہر ہیں۔علاوہ ازیں صدر مملکت عارف علوی نے لاہور میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت ملاقات کے لیے جمعرات کے روز ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے تھے۔ زمان پارک میں ہونے والی اس ملاقات میں عارف علوی کی وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات سمیت پنجاب اور کے پی کے اسمبلیوں کی تحلیل، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت ملاقات کے بعد واپس اسلام آباد روانہ ہو گئے۔دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسمبلیوں کی تحلیل پر آئینی ماہرین سے مشاورت مکمل کر لی جبکہ پارٹی رہنمائوں اور ارکانِ اسمبلی سے مزید مشاورت کے بعد کل (ہفتہ ) لبرٹی چوک میں اسمبلیاں توڑنے اور دیگر معاملات سے متعلق اعلانات کریں گے۔پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق قانونی ماہرین نے عمران خان کو تمام قانونی و آئینی معاملات سے آگاہ کر دیا ہے، عمران خان نے قانونی ماہرین کی رائے کو نوٹ بھی کیا ہے۔عمران خان نے قانونی ماہرین سے مختلف قانونی سقم پر سوالات بھی پوچھے ہیں۔قانونی ماہرین نے عمران خان کو بتایا ہے کہ اسمبلی کی تحلیل پر سمری گورنر کے سپرد کی جائے تو گورنر اسے روک نہیں سکتے۔قانونی ماہرین نے بتایا ہے کہ آئین کے تحت گورنر کو سمری موصول ہونے کے 48گھنٹوں میں اسمبلی خود تحلیل ہو جاتی ہے۔دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاست میں دروازے نہیں بند کیے جا سکتے، اگر مذاکرات میں کامیابی ہونی ہے تو یہی ہفتہ ہے اور آگے بڑھا جائے۔ سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے زمان پارک لاہور میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ ر شید نے کہا کہ خان صاحب سے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بات ہوئی۔ عمران خان 17دسمبر کو رات 8 بجے قوم سے خطاب کریں گے اور مجھے پوری امید ہے عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور سپریم کورٹ سے پوری امید ہے غیر آئینی حکومت پر ٹوکرا رکھا جائے گا۔ سپریم کورٹ سے درخواست ہے نیب کیسز ختم کرانے والوں کو ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جائے۔