مزید خبریں

Jamaat e islami

عمران نیازی پارلیمانی نظام پر حملے کی تیاریاں کر رہا ہے ، باز آجائے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہاہے کہ عمران نیازی اپنے غیر ملکی ایجنڈے پر عملدرآمد کرتے ہوئے پارلیمانی نظام جمہوریت پر حملے کی تیاریاں کر رہا ہے، خبردار کرتا ہوں کہ عمران نیازی معیشت دشمن ایجنڈے سے باز آ جائے، ملکی سلامتی کو کمزور کرنے کی ہرایک مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے۔ جمعرات کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ حکومت کو بلیک میل کرنے، دارالحکومت اسلام آباد پر مسلح جتھوں کے ذریعے حملہ کرنے اور اپنے مذموم سیاسی ایجنڈے کو نافذ کرنے میں بری طرح ناکامی کے بعدعمران خان اب پارلیمانی نظام جمہوریت پرحملہ آور ہونے پر تلا ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی نظام جمہوریت، قومی وصوبائی اسمبلیاں اور 1973 کا آئین وہ نظام ہے جس پر ایک مستحکم پاکستان کی بنیاد ہے،کسی آئینی اور قانونی جواز کے بغیر محض اپنے مذموم سیاسی مقاصد اور ملک دشمن بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کیلیے اگر ہم نے ایک مرتبہ حملے کو کامیاب ہونے دیا تو پھر باربار یہ عمل دہرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں بیٹھی ہراپوزیشن حصول اقتداراور اپنے سیاسی ایجنڈے کے حصول کیلیے یہ حربہ آزمائے گی جس سے خدشہ ہے کہ پارلیمانی نظام جمہوری اپنے انجام کو پہنچ جائے گا۔ وفاقی وزیر رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ عمران خان نیازی کا پارلیمانی جمہوری نظام پر عدم اعتماد کسی سے بھی ڈھکا چھپا نہیں ہے، یہ اپنے حصول اقتدار کیلیے کسی بھی غیرآئینی اورغیر جمہوری ہتھکنڈے کو استعمال کرنے سے باز نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا شکار کرنے کی عمران خان نیازی کی ہر مذموم سازش اور عمل کو جمہوری طریقے سے ناکام بنائیں گے۔