مزید خبریں

Jamaat e islami

پی ڈی ایم مہنگائی پر کیوں احتجاج نہیں کررہی ہیں؟ عمران قریشی

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف حیدرآباد کے سینئر رہنما عمران قریشی نے کہا ہے کہ گیس لوڈشیڈنگ نے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کر دیے، سرشام ہی گیس کی بندش سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے ، گیس کی بندش سے اکثر و بیشتر لوگ راتوں کو کھانا بازار سے خریدنے پر مجبور ہیں ، اوپر سے گیس کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی چیخیں نکل گئیں ۔ انہوں نے کہاکہ امپورٹڈ حکومت کے آنے کے بعد جس طرح سے ملکی صورتحال ابتری کی طرف جاچکی ہے اس کے اثرات صرف اور صرف غریب عوام پر پڑ رہے ہیں ۔ ہر طرف سے معیشت کی زبوں حالی کی بات کی جارہی ہے جس کی ذمہ دار صرف امپورٹڈ حکومت ہے جس نے رجیم چینج کے نام پر صرف اپنے مقدمات تو ختم کروائے لیکن نا اس کا ملک کو فائدہ ہوا اور نہ ہی عوام کو کوئی فائدہ پہنچا ۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کرنے والی پی ڈی ایم کی جماعتیں آج کیوں خاموش ہیں ؟ اب وہ اس مہنگائی پر کیوں احتجاج نہیں کررہی ہیں؟ ہر آنے والے دن کے ساتھ مہنگائی میں اضافہ او رملکی معیشت بدحالی کا شکار ہورہی ہے۔ غریب عوام دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہوچکے ہیں ،ملک میں بہتری کا صرف ایک ہی راستہ ہے کہ فوری عام انتخابات کرائے جائیں ، اقتدار منتخب حکومت کے حوالے کیا جائے تاکہ غیر یقینی کی صورتحال کا خاتمہ کیا جاسکے اور غریب عوام کو ریلیف ملے۔