مزید خبریں

Jamaat e islami

اتحادی حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی پی پی113میں این سی73الفیاض کالونی میں کل بروز جمعہ 16دسمبرکو ہونے والے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی زیرصدارت ہونے والے ورکر کنونشن کے سلسلہ میں کارنرمیٹنگ ہوئی ۔ ضلعی جنرل سیکرٹری و امیدوار این اے 101شیخ محمد مشتاق،امیدوارصوبائی اسمبلی 113 میاں عبدالستار بیگا ،زونل امیر ڈاکٹر بشیر احمد صدیقی ، جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم،این سی73کے امیر ڈاکٹردائودبن رفیق ،جے آئی یوتھ کے جنرل سیکرٹری مرزاشعیب علی اوردیگرمقامی رہنمائوں نے کارنرمیٹنگ سے خطاب کیا۔اس موقع پراہل علاقہ کی کثیر تعداد شریک تھی۔جماعت اسلامی کے قائدین نے الفیاض کالونی میں جماعت اسلامی کے الیکشن آفس کا افتتاح بھی کیا۔شرکا سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے بعد اتحادی حکومت اے پی ڈی ایم کے بھی مہنگائی کے خاتمے، معیشت کی بحالی سے لے کر عام آدمی کوریلیف دینے کے تما م تردعوے کھوکھلے ثابت ہوچکے ہیں،جماعت اسلامی ملک میں ظلم وجبرکے نظام کے خاتمے اورقرآن وسنت کے نفاذ،آئین وقانون کی حکمرانی اورجمہوریت کی بالادستی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔اسٹیبلشمنٹ کے ملک پر مسلط مصنوعی ونااہل قیادت کے تمام تجربے ناکام ثابت ہوچکے ہیں۔آئین وجمہوریت کے مطابق اور مخلص ودیانتدارقیادت کے ذریعے ہی ملک کی ترقی استحکام اورعوام مسائل سے نجات حاصل کرسکتے ہیں،میاں عبدالستاربیگا نے کہاکہ ملک کو درپیش تمام بیماریوں کا علاج اسلامی نظام میں ہے۔ موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے عوام کو بدامنی، مہنگائی اور بے روزگاری کے تحائف دیے، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی حقیقت میں ایک ہیں، پاکستان کو انقلابی قیادت کی ضرورت ہے، قوم کو اہل اور ایمان دار لیڈرشپ چاہیے، ان حکمرانوں کے ہوتے ہوئے بہتری کی توقع نہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مایوس کیا، حالات کی وجہ سے ہر پانچواں پاکستانی ڈپریشن کا شکار ہے۔