مزید خبریں

Jamaat e islami

اپنے مطالبات منوا کردم لیں گے‘ مولانا ہدایت الرحمن

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)حق دو تحریک کے قائد ،جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہاہے کہ اپنے مطالبات منوا کردم لیں گے ،گوادر میں سمندری حیات کے بچائو ، ماہی گیروں کے مسائل کے حل ، ٹرالر مافیا ، بارڈروچیک پوسٹوں پر لوٹ مار وتذلیل کے خاتمے ،عوامی مسائل ،مشکلات کے حل اور جائز حقوق کے حصول کے لیے 50 دن سے پرامن جمہوری دھرنا دیاجارہاہے بدقسمتی سے حکومت، انتظامیہ ،منتخب نمائندے اور بااختیار طبقات بالخصوص قومی میڈیا خاموش تماشائی کامنفی کردار ادا کررہے ہیں مائوں بہنوں بیٹیوں ،بزرگوں و نوجوانوں اور شہریوں نے مجبوری سے معمولات زندگی چھوڑ کر دھرنا دیاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر عوامی دھرنے اورپسنی کے دورے کے دوران شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ رات کو شدید سردی کے باوجود کارکنان وعوام کے حوصلے بہت بلند ہیں، بلوچستان کو سی پیک سے ترقی دینے کابہترین موقع ہے، اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو وسائل سے مالامال کیاہے لیکن بدعنوان حکمران اور لٹیرے مسلط ہونے کی وجہ سے وسائل چندخاندان ہڑپ کرجاتے ہیں، جس کی وجہ سے عوام مسلسل مسائل ومشکلات کے گرداب میں پھنس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر ڈویژن کے عوام خواتین اورمائیں بہنیں سب ہمارے ساتھ ہیں،قومی میڈیا قومی جماعتوںکاگوادر دھرنے کے حوالے سے مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے مخالفین سوشل میڈیا پربے بنیادجھوٹا پروپیگنڈا نہ کریں، ہمارے مطالبات جائز سب کے سامنے اور سب کے حقوق کے لیے ہیں، ہمارے کوئی خفیہ غیر قانونی ذاتی عزائم ومفادات نہیں قومی مفادات قومی مسائل کے لیے عوامی قوت وتائید سے میدا ن میں نکلے ہیں ،ان شاء اللہ مطالبات منواکر سرخروہوکر دھرنا ختم کریں گے۔