مزید خبریں

Jamaat e islami

ڈالر کی اسمگلنگ روک کر مہنگائی کم اور ذخائر بڑھایا جاسکتا ہے

کراچی ( کامرس رپورٹر ) کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر فراز الرحمان نے معیشت کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہو رہے ہیں ایسے میں ڈالر کی اسمگلنگ ہونا ملک دشمنی ہے۔ دوسری جانب مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ پیداواری لاگت میں مسلسل اضافہ، گیس کی قلت اور پورٹ پر پھنسے خام مال کی وجہ سے صنعتکاروں کی مشکلات میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔ڈ یمریج کی مد میں یومیہ 120 ڈالر جرمانے کے صنعتکار متحمل نہیں ہوسکتے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ اس صورتحال میں آئی ایم ایف کی جانب سے قرضے کی 9ویں قسط کی وصولی میں تاخیر اور دوست ممالک کی جانب سے خاطر خواہ امداد نہ ملنے سے صورتحال مزید خراب ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب صورتحال یہ ہے کہ ایکسپورٹرز کے برآمدی آرڈرز منسوخ ہونے کا خدشہ ہے جس سے پاکستان عالمی مارکیٹ میں اپنی ساکھ کھو دے گا۔ فراز الرحمان نے حکومت سے درخواست کی کہ وہ بگڑتی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں، ملک میں معاشی ایمرجنسی کی صورتحال ہے ایسے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پالیسی مرتب کی جائے تاکہ ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی ریٹنگ مسلسل تنزلی کا شکار ہے جس کی وجہ سے بین الاقوامی مالیاتی ادارے اور دیگر ممالک پاکستان کو قرضے دینے سے ہچکچا رہے ہیں۔