مزید خبریں

Jamaat e islami

عدالتی احکامات نظرانداز‘نجی اسکولوں کا جون ‘جولائی کی فیس وصولی کاانکشاف

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نجی تعلیمی اداروں کی ہٹ دھرمی جاری۔عدالت ،محکمہ تعلیم اور ڈائریکٹوریٹ آف پرئیوایٹ انسٹی ٹیو شنز کے احکامات ہوا میں اڑا دیے گئے۔نجی اسکولوں نے ماہ جون اور جولائی کی فیس قبل از وقت وصول کرنے کے لیے نئے طریقے متعارف کروادیے ۔اسکول تبدیل کرنے والے طلبہ سے بھی جون جولائی کی فیس طلب کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع کے مطا بق عدالت کی جانب سے نجی تعلیمی اداروں کو اس بات کا پابند بنا یا گیا تھا کہ ہر ماہ کی فیس اسی ماہ وصول کی جائے گی۔جون کی فیس جون میں اور جولائی کی فیس ماہ جولائی میں وصول کرنے کے احکامات دیے گئے تھے ۔ذرائع کے مطابق نجی تعلیمی اداروں کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئیں اور عدالتی اور ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کے احکامات بھی ردی کی ٹوکری میں ڈال دیے۔ذرائع کے مطابق نجی اسکولوں کی انتظامیہ کی جانب سے والدین پر دبائو ڈالا جارہا ہے کہ وہ جون جولائی کی فیس جنوری اور فروری میں ادا کریں جس کے مطابق ماہ جنوری سے ماہ مئی تک کی فیس کے ساتھ آپ ماہ جون اور جولائی کی فیس کی ادائیگی کو یقینی بنائیں ۔ والدین کا کہنا تھا کہ اجب اس حوالے سے اسکول سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہم آپ پر جون جولائی کی فیس کا بوجھ کم رہے ہیں۔آپ جنوری سے ہر ماہ کی فیس کے ساتھ جون اور جولائی کی فیس کچھ حصہ جمع کروادیں۔اسکول انتظامیہ اس حوالے سے فیس وائوچرجاری نہیں کر رہی ہے۔