مزید خبریں

Jamaat e islami

وفاقی و صوبائی حکومت سے اہل کراچی کے حقوق حاصل کرکے رہیں گے،حافظ نعیم الرحمن

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت سے سیاسی مافیا خوفزدہ اور شدید پریشان ہیں ۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں سے اہل کراچی کے جائز اور قانونی حقوق حاصل کر کے رہیں گے ۔پیپلز پارٹی اور متحدہ نے کراچی کی تباہی و بربادی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے ۔ پی ٹی آئی نے بھی عوام کو شدیدمایوس کیا۔ کارکنان گھر گھر جا کر عوام سے رابطہ کریں ،اہل کراچی مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کو بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب کرائیں ۔ہمارا میئر کراچی میں تعمیر و ترقی کا نیا سفر شروع کرے گا اور اختیارات نہ ہونے کا رونا رونے کے بجائے مسائل حل کرائے گا ۔ سندھ حکومت عدالت عظمیٰ کے حکم کے مطابق آرٹیکل 140-Aکے تحت بلدیاتی اداروں کو اختیارات و وسائل کی فراہمی کے لیے فوری طور پر قانون سازی کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے تحت چراغ ہوٹل مسجد قریشاں لانڈھی میں منعقدہ بلدیاتی امیدواران کے اہم اجلاس سے خصوصی خطاب میںکیا ۔اجلاس سے امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی عبدالجمیل خان ،نائب امیر ضلع اور الیکشن سیل کے انچارج سید اقبال سعید ، سیکرٹری عبدالحفیظ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر نائب امرا محمد شفیق ،چودھری سرفراز احمد و دیگر ذمے داران بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں بلدیاتی امیدواران، یوسی چیئرمین ،وائس چیئرمین ، کونسلرز ، ناظمین انتخابات و دیگر نے شرکت کی ۔حافظ نعیم الرحمن نے تمام بلدیاتی امیدواران سے ان کے علاقوں کی مجموعی صورتحال ، انتخابات کی تیاریوں اور عوامی رابطوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹس لیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور ملک کے ریونیو میں اس کا حصہ 70فیصد سے بھی زیادہ ہے لیکن حکمرانو ںکی کرپشن و نا اہلی اور حکمران جماعتوں کے ارکان اسمبلی کی بے حسی کی وجہ سے یہ شہر تباہی و بربادی کا شکار ہے ،یہاں کے لوگ بجلی ،پانی ،گیس،ٹرانسپورٹ جیسی سہولت سے محروم ہیں ۔شہر میں صفائی کا کوئی نظا م نہیں اور پورا شہر گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے ۔نوجوانوں پر روزگار کے دروازے بند ہیں اور کراچی کے جعلی ڈومیسائل پرحکمران جماعت کے من پسند لوگوں کو بھرتی کیا جارہا ہے ، کراچی کا پڑھا لکھا نوجوان مایوسی کا شکار ہے ،کراچی کا پانی کراچی ہی کے لوگوں کو بیچا جارہا ہے اور ٹینکر مافیا کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے اگر نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کے K4منصوبے کو بروقت تکمیل تک پہنچا دیا ہوتا تو آج کراچی میں پینے کے پانی کا بحران نہیں ہوتا ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ شہر قائدکی بلاتفریق خدمت کی ہے ۔15جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے جماعت اسلامی مکمل طور پر تیار ہے ۔سندھ حکومت کی تمام چالیں ناکام ہوگئی ہیں اور جماعت اسلامی کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور کراچی کے عوا م ہمیں اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیں ہم بھی ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور کراچی کو ایک بار پھر ترقی خوشحالی کی جانب گامزن کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ صورتحال یہ ہے کہ پیپلز پارٹی ،تحریک انصاف ،متحدہ کے کارکنان بھی جماعت اسلامی میں شامل ہونا چاہتے ہیں اور شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے ہمارا ساتھ دینا چاہتے ہیں ہمارے دروازے ان کے لیے کھلے ہیں اور ہر اس شخص کے لیے کھلے ہوئے ہیں جوملک و قوم اور اللہ کے دین سے مخلص ہے ۔کراچی کے شہریوں کو اپنے حقوق کے لیے اب میدان عمل میں اترنا ہوگا ۔جماعت اسلامی مسلسل اہل کراچی کے حقوق کی آواز اٹھا رہی ہے اور ہم اہل کراچی کا مزید استحصال برداشت نہیں کریںگے ، کراچی کی تاریکیوں کو ختم کر کے اس شہر کو حقیقی معنوں میں عروس البلاد بنائیں گے ۔ عبدالجمیل خان نے کہا کہ 15جنوری کو کراچی میں ہونے والا بلدیاتی انتخاب کراچی کی سمت کو متعین کرے گا ۔کراچی کے عوام جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں ہمارا ماضی شاندار ہے اور عبدالستار افغانی سے لے کر نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ تک تعمیر وترقی کا ایک روشن باب سب کے سامنے ہے ۔ 25دسمبر کو اتوار بازار کورنگی نمبر ساڑھے3 گرائونڈ میں جماعت اسلامی کے تحت ایک روزہ فیملی تربیتی اجتماع منعقدہ ہوگا جس میں کورنگی لانڈھی کے ہزاروں افراد اپنی فیملی کے ہمراہ شریک ہوں گے ۔سید اقبال سعید نے کہا کہ وارڈ کی سطح پر رابطے تیز کیے جائیں اور مکمل تیاری کے ساتھ انتخابی عمل میں اترا جائے ۔عبدالحفیظ نے کہا کہ 15جنوری کو کراچی کے عوام ترازو کو کامیاب بنا کر مفاد پرستوں اور لٹیروں کی سیاست کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کردیں گے ۔