مزید خبریں

Jamaat e islami

ملک کو سری لنکا بنانے کے خواہشمند مایوس ہوں گے،وزیراعظم ،ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو سری لنکا بنانے کی خواہش رکھنے والوں کو ہمیشہ کی طرح مایوسی ہوگی۔ وزیراعظم کے زیر صدارت حکومت کی معاشی ٹیام کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، گورنر اسٹیٹ بینک ایف بی آر حکام نے شرکت کی،معاشی ٹیم نے وزیر اعظم کو ملکی معاشی صورتحال ،قرضوں کی واپسی کے شیڈول ، آئی ایم ایف سے جاری بات چیت پر تفصیلیبریفنگ دی ،معاشی ٹیم نے وزیر اعظم کو زرمبادلہ کے ذخائر سمیت ڈالر کی قدر کے محرکات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے معاشی کی ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے یہ ایک مشکل وقت ہے ،ملک کو معاشی چیلنجز سے نکالنے کے لیے سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی ،سابقہ حکومت نے معیشت اور اداروں کو تباہ کیا ،ملک کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑاکرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں،ان شا اللہ ملک دیوالیہ نہیں ہوگا،اس وقت غریب مشکل میں ہے ،معاشی ٹیم مہنگائی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے زیادہ سے زیادہ اقدامات کرے۔وزیر اعظم نے ڈالر ، گندم اور یوریا کی افغانستان اسمگلنگ کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کے احکامات دیے اور کہا کہ ڈالر ذخیرہ کرنے اور اس کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے تمام اداروں میں روابط کو مربوط بناتے ہوئے ایکشن لیا جائے۔علاوہ ازیںوزیراعظم شہباز شریف نے ریکوڈک قانون سازی پر اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کے لیے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن اور سربراہ بی این پی سردار اختر مینگل کو فون کیا ہے اور اس حوالے سے کابینہ کی کمیٹی تشکیل دے دی ۔شہباز شریف نے اتحادی رہنمائوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور آپ کے تحفظات دور کریں گے۔