مزید خبریں

Jamaat e islami

ثبوت ہیں بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے،حنا ربانی کھر

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں دہشتگردی کی متعدد تنظیموں کی معاونت و مدد کرتا رہا ہے اور اس کے ثبوت ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے لہٰذا ہم سمجھتے ہیں کہ عالمی برادری بھارت کا احتساب کرے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنا ربانی کھر نے کہاکہ آج دنیا اورخطے کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، افسوس ہے کہ آج ایسے معاملے پربات کرنے آئی ہوں، افسوس، دہشتگردی کرانے والا خود کو دہشتگردی کا سب سے بڑا شکار قرار دیتا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ صبح سیکرٹری خارجہ نے غیرملکی سفیروں کو بھارت کے دہشتگردی میں ملوث ہونے کے بارے میں بریفنگ دی، بھارت نے جوہر ٹاؤن لاہور میں دہشتگردی کی، ہم نے تحقیقات مکمل ہونے اور ثبوتوں کا انتظار کیا، واضح ثبوت ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے، جوہرٹاؤن دہشتگردی بھارت کا منصوبہ تھا اور اس کو بھارت نے سر انجام دیا، جن کو اس دہشتگردی میں سزا ہوئی وہ صرف فرنٹ مین تھے، اس واقعے کے اصل کردار بھارتی ریاستی پشت پناہی میں آزاد ہیں، پاکستان اس حوالے سے آواز اٹھاتا رہے گا، بھارت مسلسل بلوچ علیحدگی پسندوں کی حمایت کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سے زیادہ کسی نے دہشتگردی کا فائدہ نہیں اٹھایا اور پاکستان وہ ملک ہے جو دہشتگردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے، اگرآپ پڑوسیوں کے گھر میں آگ لگانے کی کوشش کریں گے تو آگ آپ کے گھربھی آئے گی، بھارت نے عالمی سطح پر انسداد دہشتگردی کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہے، بھارت خطے میں دہشتگردی کی متعدد تنظیموں کی معاونت و مدد کرتا رہا ہے، بھارت کو اس پالیسی سے پیچھے ہٹنا ہوگا، ایمانداری سے سمجھتے ہیں کہ بین الاقوامی برادری بھارت کا احتساب کرے گی، اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے ارکان سے بھارت کو دیا گیا ڈوزیئر شیئرکیا ہے، بھارتی شہریوں کے بارے میں ریڈ وارنٹس جاری ہوچکے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ بھارت سے جو کارروائیاں ہورہی ہیں اس سے خطے کو براہ راست نقصان پہنچ رہا ہے۔ کلبھوشن کیس میں بھی پاکستان نے ثبوت پیش کیے، بھارت کالعدم تنظیم بی ایل اے کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال کررہاہے، بھارت پاکستان میں امن ہی نہیں چاہتا۔ ان کا کہنا تھاکہ بھارت کے خلاف لاہور دہشتگردی میں ملوث ہونے کا ناقابل تردید کیس ہے، ہم چاہتے ہیں کہ دنیا اس کو دیکھے۔