مزید خبریں

Jamaat e islami

موسم سرما میں بھی بجلی غائب ،لائنوں سے گیس کے بجائے پانی آتا ہے،سید عبدالرشید

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران جماعت اسلامی کے ر ہنما اور رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے اپنے حلقہ انتخاب لیاری میں مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موم سرما میں بھی 10 سے 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، لائنیں گل چکی ہیں ان میں گیس کے بجائے پانی آتا ہے۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت ہوا، اسپیکر کا کہنا تھا کہ ارکان کو اپنے رویے پر تھوڑا غور کرنا چاہیے جو معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہو اسے ایوان میں زیر بحث نہیں لایا جاسکتا۔ پوری دنیا میں سندھ اسمبلی کی کارروائی دیکھی جاتی ہے،مجھے لوگ کہتے ہیں کہ آپ نے انہیں ٹرینڈ نہیں کیا حالانکہ میں خود ابھی سیکھ رہا ہوں، تمام چیزوں کیلیے اسمبلی قواعد موجود ہیں،ہلٹر بازی کرنا ہمارے لیے مناسب نہیں ہے۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کے ر ہنماء اور رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید نے نقطہ اعتراض پر اس امر کی نشاندہی کی کہ ان کے حلقہ انتخاب میں روزانہ طویل دورانیہ کی گیس اور بجلی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے حالانکہ اس وقت موسم سرما ہے اس کے باوجود علاقے میں بجلی کا بحران ختم نہیں ہوسکا ہے۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پانی کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے اور اسٹریٹ کرائم بھی بڑھ رہے ہیں، حکومت سندھ اس کا فوری نوٹس لے۔ حلقے میں گیس لوڈ شیڈنگ کا بھی مسئلہ ہے۔ دوسرا اہم مسئلہ لائنوں کا ہے، لائنیں خراب ہوچکی ہیں جن سے گیس نہیں آتی ہے بلکہ پانی آتا ہے۔ سید عبدالرشید نے کہا کہ صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ سے ملاقات کی اور لیاری میں بدترین بجلی گیس کی لوڈ شیڈنگ سے آگاہ کیا۔ بطور منتخب نمائندے ہماری ذمے داری ہے عوام کی آواز اقتدار کے ایوانوں تک پہنچائیں اور عوام کو ریلیف دلوائیں۔ سردیوں کے باوجود 14گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ کے الیکٹرک کی ایپ اور سسٹم ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ لوڈ شیڈنگ بتاتا ہے لیکن لوڈشیڈنگ 10سے 14 گھنٹے تک کی جارہی ہے۔ مجبوراً پھر عوام سڑکوں پر نکلتے ہیں تو لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ بیان کیاجاتاہے ایسے میں عوام کہاں جائیں؟۔ صوبائی وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے انہیں یقین دلایا کہ آپ کی شکایات پر اس معاملے کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا اور ہماری کوشش ہوگی کہ اسی ہفتے حل کرلیں۔