مزید خبریں

عالمی طاقتیں پاکستان کی سالمیت تباہ کرنا چاہتی ہیں، سندھیانی تحریک

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھیانی تحریک کی مرکزی صدر زینت سائمن، زاہدہ شیخ، عذرا رند، نصرت خاصخیلی ناہید جوگی امیرزادی برہمنی، سیما آزاد، روبینہ شیخ ہزار ناز کنرانی، آمنہ کنبھر، افروز نے کہا ہے کہ سندھ ہمارا تاریخی وطن ہے اور ہزاروں سال قدیم ہے، یہ تہذیب کی بنیاد ہے۔ پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور پی ڈی ایم نے مل کر سندھ کی وحدت پر حملہ کیا ہے، یہ نیا اسرائیل بنانے کی عالمی سامراجی سازش ہے۔ نئے صوبے بنانے کی فسادات کمیٹی کو مسترد کرتے ہیں، عالمی سامراجی طاقتیں پاکستان کی سالمیت کو تباہ کرنا چاہتی ہیں۔ سندھیانی تحریک بین الاقوامی ایجنٹوں کی سازشوں کو اچھی طرح سمجھتی ہے، پرامن جدوجہد کے ذریعے ان کے منصوبوں کو ناکام بنایا جائے گا۔ سندھیانی تحریک پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور پی ڈی ایم کے ناجائز اتحاد کو خبردار کرے کہ اگر وہ سندھ کی زمین کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔اگر سازش نہ رکی تو سندھ کا ہر ذہین فرد اور سندھی عوام سڑکیں بلاک کر دیں گے۔ رہنماؤں نے کہا کہ سندھ کے عوام سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں، لیکن سندھ کی تقسیم کبھی برداشت نہیں کر سکتے۔ سندھی عوام خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے، لیکن آپ کو اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ضرورت پڑنے پر سندھی عوام اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر دیں گے، لیکن سندھ کو کبھی تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔