مزید خبریں

بینظیر بھٹو کی 15 ویں برستی گڑھی خدا بخش میں سادگی سے منائی جائیگی

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) سابق وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 15ویں برسی 27 دسمبر پر گڑھی خدابخش بھٹو میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، برسی کے موقع پر جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس سے وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری سمیت دیگر مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے، برسی تقریبات کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ طارق منظور کی زیر صدارت دربار ہال ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلعی افسران سمیت مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے افسران کو دی گئی ذمے داریوں کو خوش دلی سے نبھانے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ ورسی میں آنے والے مہمانوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا چاہئے، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے پولیس حکام کو ہر صورت امن و امان کو یقینی بنانے اور ٹریفک کے نظام کو مزید مؤثر اور مؤثر بنانے کی ہدایات دیں، ڈپٹی کمشنر نے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور میونسپل کمشنر کو ورسی کے موقع پر صفائی کے عمل کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کی ہدایات دیں اور جس پر انہوں نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور ٹی ایم اے حکام کو صفائی اور لائٹنگ کے مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت کی، تاہم محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے حکام سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کہا گیا، اس کے علاوہ انہوں نے سیپکو حکام کو ہدایت کی کہ برسی کے موقع پر لوڈ شیڈنگ سے گریز کیا جائے اور اسٹینڈ بائی جنریٹرز کو یقینی بنایا جائے، جبکہ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو میڈیکل کیمپ لگانے اور ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی موجودگی اور ادویات کی موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں، اس کے ساتھ ایمبولینسوں کو ریڈی پوزیشن میں رکھا جائے، تاکہ ممکنہ ضرورت کی صورت میں ان کا استعمال کیا جاسکے اور گڑھی خدابخش بھٹو کو جانے والی سڑکوں پر موبائل میڈیکل سروس شروع کی جائے، ڈپٹی کمشنر نے میڈیا کوریج کے لیے ڈائریکٹر انفارمیشن کو حکم دیا اور محکمہ بلڈنگ اینڈ روڈز کے افسران کو ہدایت کی کہ سائن بورڈز، کار پارکنگ اور روڈ ویز کے باقی ماندہ کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ ورسی میں آنے والے مہمانوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے محکمہ آبپاشی کے افسران کو ہدایت کی کہ شہر میں رائس کینال پر بھینسوں کو آنے سے روکا جائے تاکہ صفائی کو مزید بہتر بنایا جاسکے، ڈپٹی کمشنر نے ضلع کے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ہنگامی پلان تیار کریں اور اپنے افسران اور عملے کا ڈیوٹی شیڈول ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرائیں۔اجلاس میں ضلعی اسسٹنٹ کمشنرز، مختارکارز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔