مزید خبریں

بلوچستان یونیورسٹی کے طلبہ ملکی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی ، نائب صدر سید عبدالاحد آغا نے کہا کہ بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز(بیوٹمز)ملک بھر اور خاص کر بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا اہم فریضہ انجام دے رہا ہے۔یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلبا و طالبات بلوچستان اور ملک کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں نوجوانوں کو معیاری تیکنیکی تعلیم سے آراستہ کرنے کیلیے وائس چانسلر احمد فاروق بازئی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی قابل ستائش ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بیوٹمز میں سٹون ایکسپو کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے اور ملک کی معاشی بہتری کیلیے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو معیاری تکنیکی تعلیم کے مواقع دئیے جائیں اس سلسلے میں یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز)کی کارکردگی اپنی مثال آپ ہے اس ادارے میں ملک بھر اور خاص کر بلوچستان کے نوجوان جدید معیاری اور تیکنیکی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو رہے ہیں بلکہ اس سے فارغ التحصیل طلبا و طالبات صوبے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں مختلف نوعیت کے نمائشوں کا انعقاد بھی خوش آئند ہے جس سے ملک اور عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کو یہاں موجود مواقعوں سے آگاہی ملتی ہے۔انہوں نے اسٹون ایکسپو انعقاد اور بلوچستان کے نوجوانوں کی مہارت اور نمائش میں خصوصی دلچسپی کی تعریف کی اور کہا کہ اس طرح کے نمائشوں کی مستقبل قریب میں دورس نتائج برآمد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں انہیں مناسب مواقع ملے تو وہ ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔انہوں کا کہنا تھا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان صوبے میں قانونی تجارت کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں اس وقت تک کوئی ملک صوبہ اور معاشرہ معاشی طور پر ترقی نہیں کر سکتا جب تک وہاں موجود مواقعوں سے مستفید نہ ہوا جائے۔انہوں نے کہا کہ بیوٹمز جیسے ادارے نعمت سے کم نہیں ایسے ہی ادارے ملک و قوم کی ترقی کا سامان کرنے کیلیے مستقبل کے معماروں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرتے ہیں۔اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی و دیگر کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔