مزید خبریں

بلوچستان ہائیکورٹ، اعظم سواتی پر مزید مقدمات درج اور کوئٹہ سے باہر منتقل نہ کرنے کا حکم

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان ہائیکورٹ نے سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف مزید مقدمات درج نہ کرنے اور ڈی جی ایف آئی اے، صوبائی محکمہ داخلہ اور آئی جی پولیس بلوچستان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے اعظم سواتی کو کوئٹہ سے باہر منتقل نہ کرنے کا حکم دے دیا، مقدمات کے خاتمے سے متعلق درخواستوں پر سماعت 9 دسمبر کو ہوگی۔ بلوچستان ہائیکورٹ میں سینیٹر اعظم سواتی کے بیٹے بیرسٹر عثمان سواتی کی جانب سے دائر درخواستوں پر منگل کو سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جسٹس کامران ملاخیل اور جسٹس عامر رانا پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے کی۔ سماعت کے موقع پر اعظم سواتی کے وکیل اقبال شاہ اور نصیب اللہ ترین عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل پیش کیے، وکلاء نے عدالت سے استدعا کی کہ سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف مزید مقدمات درج نہ کیے جائیں۔ جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے مزید کوئی بھی مقدمہ درج نہ کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے آئی جی پولیس بلوچستان سے آئندہ سماعت پر مقدمات سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔ بلوچستان ہائیکورٹ میں اعظم سواتی کی گرفتاری سے متعلق کیس کی سماعت 20دسمبر جبکہ مقدمات کے خاتمے سے متعلق درخواستوں پر سماعت 9 دسمبر کو ہوگی۔