مزید خبریں

قبل از وقت الیکشن ہوں گے نہ کوئی دبائو قبول ہے ، شہباز شریف ، فضل الرحمٰن کا ملاقات میں اتفاق

اسلام آباد (نمائندہ جسارت ) وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ قبل از وقت الیکشن ہوں گے اور نہ ہی کوئی دباؤ قبول ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ قومی حکومت معاشی امور پر مکمل توجہ دے رہی ہے، جلد قوم کو ریلیف دیں گے۔ ملاقات میں پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت کا ہر سطح پر مقابلہ کرنے، عمران خان کی کسی دھمکی کا اثر نہ لینے کا اتفاق کیا گیا۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسمبلیاں توڑنے والا پہلے اپنے اندرونی خلفشار کو سنبھالے۔دونوں رہنماؤں نے پنجاب کی سیاسی صورتحال پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے پی ڈی ایم کا اجلاس جلد بلانے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمن سے کہا کہ عمران خان ہوس اقتدار میں جمہوری و پارلیمانی نظام کو ہی تباہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں جس میں انہیں ناکامی ہوگی۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے وزیراعظم کو پیشکش کی کہ خیبرپختونخوا مجھ پر چھوڑ دیں عمران خان کو خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے دیں پھروہاں الیکشن ہونے دیں یہ دوبارہ حکومت نہیں بنا سکے گا ۔ مزید برآں وزیراعظم سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی و مجموعی صورت حال پر بات چیت ہوئی، ملاقات کے دوران صوبہ سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کے حوالے سے تبادلہ خیا ل ہواجبکہ عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔