مزید خبریں

سراج الحق اور ترکیہ کے سفیر کے درمیان ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد/لاہور(نمائندگان جسارت)امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور ترکیہ کے سفیر مہمت پچاجی کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ڈائریکٹر شعبہ امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی بھی امیر جماعت کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی امت کو متحد دیکھنا چاہتی ہے۔ پاکستان اور ترکیہ اسلامی دنیا کو قیادت فراہم کر سکتے ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ نے مسئلہ کشمیر اور شمالی قبرص پر ہمیشہ ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے، دونوں ممالک محبت اور بھائی چارے کے دیرینہ اور لازوال رشتے سے بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں اطراف مسئلہ فلسطین اور اسلاموفوبیا پر بھی یکساں اور زوردار موقف رکھتی ہیں۔ صدر جمہوریہ ترکیہ رجب طیب اردوان کا مسئلہ فلسطین اور اسلامو فوبیا پر کردار قابل تحسین ہے۔سراج الحق نے کہا کہ اسلامی دنیا کو باہمی اختلافات بھلا کر مشترکہ مفادات کو فوقیت دینی چاہیے۔ اسلامی ممالک کا تعلیم، ٹیکنالوجی اور اقتصادی شعبوں میں اشتراک وقت کی ضرورت ہے۔ پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور ایران کے درمیان اشتراک مغربی تسلط سے آزادی کے لیے لازم ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی ذمے داری ہے کہ وہ مشترکہ منڈی اور مشترکہ دفاع کے لیے قدم بڑھائیں۔ انھوں نے کہا کہ امت متحد ہو کر اسلامو فوبیا کے چیلنجز کا مقابلہ کرے تاکہ مغربی تہذیب کا تسلط قائم کرنے کی سازشیں ناکام ہو سکیں۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی ممالک مسلمان اقلیتوں کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی فورمز پر مشترکہ اور جان دار آواز اٹھائیں۔