مزید خبریں

ہمارے لوگ اسمبلیاں تحلیل ہونے سے گھبرا رہے ہیں، عمران خان

لاہور(نمائندہ جسارت)تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے بعض لوگ اسمبلیاں تحلیل ہونے سے گھبرا رہے ہیں،موجودہ حکومت کو مزید وقت دینا ملکی معیشت کے ساتھ ظلم ہوگا، حکومت معیشت اور ملک سنبھالنے میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کا اجلاس ہواجس میں اسمبلیوں کی تحلیل اور استعفوں کے معاملے پر مشاورت کی گئی، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے عمران کو صوبائی اسمبلی کی تحلیل پر اپنے مکمل تعاون کی یقین دہائی کرائی۔ ذرائع کے مطابق ارکان نے رائے دی کہ ملکی مسائل کا واحد حل شفاف اور جلد انتخابات ہیں۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل بڑا سیاسی فیصلہ ہے، اس فیصلے پر ایسے عمل کیا جائے جس کے موثر نتائج سامنے آئیں، صوبائی حکومتوں کی موجودگی میں وفاق پر موثر سیاسی دبائو ڈالا جاسکتا ہے۔ عمران خان نے ہدایت کی کہ ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں انتخابی تیاریاں شروع کردیں، موجودہ حکومت کو مزید وقت دینا ملکی معیشت کے ساتھ ظلم ہوگا، حکومت معیشت اور ملک سنبھالنے میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے، پارٹی کی تنظیم کو عام انتخابات سے قبل مزید متحرک کیا جائے۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی کو آئندہ عام انتخابات کے روڈ میپ اور احتجاجی تحریک کے حوالے سے اعتماد لیا گیا۔