مزید خبریں

Jamaat e islami

فیفا ورلڈ کپ: بڑا اپ سیٹ مراکش نے بیلجئم کودھول چٹا دی

دوحا ،کراچی(سید وزیر علی قادری) قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ 2022 کے گروپ F کے میچ میں مراکش نے دنیا کی دوسری بہترین ٹیم بیلجیئم کو 0-2 سے دھول چٹا دی۔ کروشیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد کینیڈا کو 1-4 سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا، کوسٹاریکا نے بھی جاپان کو 0-1 سے شکست دیدی، ارجنٹینا نے میکسیکو کو 0-2 سے ہرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق
قطر کے الثمامہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اسٹیج میچ میں مراکش نے مخالف ٹیم پر تابڑ توڑ حملے کیے جبکہ بیلجئم نے آغاز سے ہی دفاعی اور محتاط انداز اپنایا تاہم مراکش نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 73 ویں منٹ پر میں پینالٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عبدالحامد نے گول اسکور کرکے ٹیم کو سبقت دلا دی۔ بعدازاں میچ کے آخری لمحات میں مراکشی کھلاڑی زکریہ ابوالخلال نے ایک اور گول کرکے بیلجئیم کی شکست کو یقین میں بدل دیا۔بیلجیئم نے متعدد بار گول کرنے کی کوشش کی تاہم مخالف کھلاڑیوں اور مراکشی گول کیپر کی بدولت ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ بیلجیئم فٹبال ورلڈ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر براجمان ہے اور اب تک 5 عالمی مقابلے جیت چکا ہے۔ علاوہ ازیں قطر کے خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ F کے اسٹیج میچ میں کینیڈا نے جارحانہ انداز میں کھیل شروع کیا اور الپھونسو ڈیوس نے صرف 68 ویں سکینڈ پر پہلا گول کرکے ٹیم کو فاتحانہ آغاز فراہم کیا تاہم اس کے بعد کروشین کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور 36 ویں منٹ پر کروشیا کے اینڈریج کریمیرک نے پہلا گول کرکے میچ کو برابر کردیا اور مزید تابڑ توڑ حملے کرتے ہوئے کینیڈا کو شکست سے دوچار اور ایونٹ سے باہر کردیا۔ علاوہ ازیں احمد بن علی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میںجاپان اور کوسٹاریکا نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا تاہم کوسٹاریکا نے 81 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے سبقت حاصل کرلی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ جاپان نے متعدد بار گول کرنے کے مواقع پیدا کیے تاہم کوئی گول نہ کرسکی۔ کوسٹاریکا کی جانب سے میچ کا واحد گول کیشر فلر نے گول اسکور کیا۔ علاوہ ازیں لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میںارجنٹینا اور میکسیکو مدمقابل ہوئیں، دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور گول کرنے کے کئی مواقع پیدا کیے تاہم ناکام رہیں۔ دوسرے ہاف میں ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے 64 ویں منٹ میں گول داغ کر ٹیم کو سبقت دلائی۔ جواب میں میکسیکو کی ٹیم نے بھی ارجنٹینا کے گول پوسٹ پر متعدد حملے کیے جو بے سود ثابت ہوئے، دوسرے ہاف کے اختتام سے محض 3 منٹ قبل ارجنٹینا کے اسٹرائیکر فرنینڈنس نے بھی گول کرکے میکسیکو کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔