مزید خبریں

پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے‘ اسد اللہ بھٹو

خیرپور(نمائندہ جسارت) مرکزی نائب امیرجماعت اسلامی اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی محاذ پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور معاشی بدحالی کے عفریت منہ کھولے کھڑے ہیں جن پر بڑی حکمت کے ساتھ قابو پانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کا ازلی دشمن بھارت اول روز ہی سے پاکستان کے خلاف موقع کی تاک میں رہتا ہے کہ کسی طرح پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچا سکے۔ افواج پاکستان میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین اور سپہ سالار کا تقرر جس طرح میرٹ اور سینیارٹی کے اصول پر کیا گیا ہے اس نے مستقبل کے لیے بھی اس حوالے سے راہیں متعین کر دی ہیں۔ اب یہ اصول ہمیشہ کے لیے طے ہو جانا چاہیے کہ تمام ریاستی اداروں میں ترقیاں اور تقرریاں میرٹ اور سینیارٹی کی بنیاد پر ہوں تاکہ ذاتی پسند و ناپسند کے مکروہ عمل کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور اداروں میں ایک مضبوط اور مستحکم سسٹم قائم ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹھارجہ میں عظمت مصطفیؐ کانفرنس اور صوبائی نائب امیر ممتاز حسین سہتو کے بیٹے کے ولیمے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز،ممتاز حسین سہتو نے بھی خطاب کیا جبکہ پروفیسر نظام الدین میمن، مولانا حزب اللہ جکھرو سمیت دیگر صوبائی اور ضلعی قائدین بھی موجود تھے۔ اسداللہ بھٹو نے مزید کہا کہ اب سیاستدانوں کی بھی اولین ذمے داری ہے کہ وہ اپنی سوچ، اپنی فکر اور طرزِ عمل میں مثبت تبدیلی پیدا کریں اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھ کر ملکی سیاست میں ایک ذمے دار اور سنجیدہ فکر سیاستدان کے طور پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ تاکہ ملک آگے کی طرف بڑھ سکے اور قوم کو بھی یک گو نہ سکون میسر آ سکے۔ سیاستدانوں کے درمیان جاری چپقلش ملکی ترقی اور سیاسی استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اسے ختم کر کے ہی ملکی ترقی و خوشحالی کا حصول ممکن بنایا جاسکتاہے۔