مزید خبریں

سامراج کے غلاموں کے آنے سے ملک تباہ ہوگیا،شیخ رشید

راولپنڈی (صباح نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سامراج کے غلاموں کے آنے سے ملک تباہ ہوگیا‘ آرمی میں ہونے والی نئی تعیناتیاں پی ڈی ایم کا ملبہ نہیں اٹھائیں گی‘ سیاست سے دور رہیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان اور راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ رہی ہے‘ معیشت کی تباہی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے‘ معاشی و سیاسی عدم استحکام اور مہنگائی غریب کو لے ڈوبی ہے۔ انہوں نے کہا کہ
ہماری لڑائی فوج سے نہیں بلکہ نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان سے ہے‘ لوگوں کی قیمت لگا کر عمران خان کی حکومت کو گرایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار جھوٹ بول رہا ہے، کوئی ایل سی نہیں کھل رہی، جھوٹوں کو آئینی طریقے سے نکالنا چاہتے ہیں ۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فوج نے کہا ہے کہ سیاست میں کبھی حصہ نہیں لیں گے‘ ہماری کسی چینل سے نہیں بلکہ گینگ آف فائیو سے لڑائی ہے، بہت اچھا فیصلہ ہے کہ فوج سیاست میں نہ آئے، جب فوج سیاست میں نہیں آئے گی تو پی ڈی ایم کا جنازہ نکل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات کے دروازے کھولنا چاہتے ہیں لیکن شرط یہ ہے کہ پہلے الیکشن کی تاریخ دی جائے، ڈوبتی کشتی کو صرف عمران خان بچا سکتا ہے۔