مزید خبریں

لاڑکانہ :اسسٹنٹ کمشنر کی زیر نگرانی تجاوزات ہٹانے کیلیے آپریشن

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) اسسٹنٹ کمشنر شاہدہ پروین نے اینٹی انکروچمنٹ فورس، ٹریفک پولیس اور میونسپل عملے کے ہمراہ شہر کے پاکستان چوک اور بندر روڈ کے علاقوں میں تجاوزات ہٹانے کے لیے آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران سڑک کے دونوں اطراف سامان اور دیگر اشیاء سمیت کھڑی گاڑیاں، موٹرسائیکلیں اور چنگچی کو ہٹاکر اسسٹنٹ کمشنر نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ تجاوزات سے گریز اور ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شاہدہ پروین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے اہم تجارتی مرکز پاکستان چوک اور بندر روڈ کے دونوں اطراف سرکاری اراضی پر کچھ دکاندار قبضہ کر کے کاروبار کر رہے ہیں، جس سے سڑکوں پر رش اور ٹریفک جام معمول بن چکا ہے، اس لیے ٹریفک پولیس کو سڑک کے دونوں طرف کھڑی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور بھاری گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی سختی سے ہدایات کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے تجارتی مرکز کے سامنے رکشہ اور دیگر گاڑیاں چلانے والوں کو سوچنا چاہیے کہ وہ اپنی گاڑیاں سڑکوں پر پارک کرنے سے گریز کریں، تجاوزات کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔