مزید خبریں

میرپور خاص:تعلیمی بورڈ انٹر میڈیٹ نتائج کا اعلان کردیا

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)میرپورخاص تعلیمی بورڈ نے 12ویں جماعت 2022 کے سائنس جنرل، پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ گروپوں کے نتائج کا اعلان کردیا۔ ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میرپورخاص کے چیئرمین پروفیسر برکت علی حیدری اے دستی کے اعلامیہ کے مطابق ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میرپورخاص کے ناظم امتحانات غلام احمد آرائیں نے بارہویں جماعت کے (جنرل سائنس/میڈیکل و انجینئرنگ گروپس) کے سالانہ امتحانات سال برائے 2022 کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ نتائج تعلیمی بورڈ کی ویب سائٹ www.bisemirpurkhas.com پر دیکھے جاسکتے ہیں، بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں 16 ہزار 521 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ نتائج کے مطابق پری انجینئرنگ میں پہلی پوزیشن گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج عمرکوٹ کے طالب علم عابد عالم ولد محمد عالم سیٹ نمبر 28512 نے 1027 نمبر ،دوسری گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج بارہ میل کے طالب علم عبدالصمد ولد اکبر خان سیٹ نمبر 25176 نے 1026 نمبر جبکہ تیسری گورنمنٹ ڈگری کالج ڈیپلو کے طالب علم شاہدیو ولد رمیش سیٹ نمبر 29705 نے 1025 نمبر لے کر حاصل کی۔ اسی طرح پری انجینئر گروپ میں کامیابی کا تناسب 86.61 فیصد رہا، پری میڈیکل گروپ میں پہلی پوزیشن گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول نوکوٹ کے طالب علم آکاش کمار ولد اشوک کمار سیٹ نمبر 38609 نے 1029 نمبر ،دوسری ابن رشد گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی طالبہ پاریسہ سجاد بنت سجاد پرویز سیٹ نمبر 36138 نے 1028 نمبر جبکہ تیسری پوزیشن سندھ پبلک ہائر سیکنڈری اسکول عمرکوٹ کے طالب علم عطا محمد ولد سہراب خان سیٹ نمبر 43648 نے 1027 نمبر لے کر حاصل کی۔ پری میڈیکل گروپ میں کامیابی کا تناسب 90.32 فیصد رہا جبکہ سائنس جنرل گروپ میں 149 طلبہ اور طالبات نے حصہ لیا اور کامیابی کا تناسب 48.99 فیصد رہا۔ اس موقع پر چیئرمین تعلیمی بورڈ نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ وطالبات میں اسناد اور پھولوں کے تحائف پیش کیے۔ تقریب میں طلبہ وطالبات کے علاوہ ان کے والدین، اساتذہ کرام اور تعلیمی بورڈ میرپورخاص کے سیکرٹری، ناظم امتحانات اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔