مزید خبریں

جماعت اسلامی کراچی کے تحت سودی نظام کیخلاف احتجاج

کراچی(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر جمعہ کو ملک گیر ’’یوم انسداد سود ‘‘کراچی میں بھی منایا گیااورشہر بھر میں مساجدکے باہر اور اہم پبلک مقامات پر مظاہرے بھی کیے گئے ،مظاہروں میں کراچی کے عوام نے سود ی نظام معیشت کے خاتمے کے حوالے سے بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے ،مظاہرین نے سودی معیشت اور بینکاری کے حق میں عدالت عظمیٰ میں اپیلیں دائر کرنے والے بینکوں کے خلاف بھی شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور زبردست نعرے لگائے ۔علاوہ ازیں شہر بھر کی مساجد میں علما کرام وائمہ مساجد نے جمعہ کے خطبات میں ’’یوم انسداد سود ‘‘کے حوالے سے عوام کو آگہی بھی دی۔نائب امیرجماعت اسلامی کراچی برجیس احمد ، ڈپٹی سیکرٹری کراچی حافظ عبدالواحد شیخ ، امیر ضلع کورنگی عبد الجمیل خان ،جمعیت اتحاد العلما کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید نے بھی جمعہ کے خطبے میں سود کی حرمت کے موضوع پر گفتگوکی اورمطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت غیر سودی نظام کے لیے قانون سازی کا واضح روڈ میپ دے، عدالت عظمیٰ کا واضح فیصلہ ہے کہ حکومت ملک میں سودی نظام معیشت کے خاتمے کے لیے اقدامات کرے اور 5سال کے اندر اندر غیر سودی نظام معیشت کا قیام یقینی بنائے۔اس حوالے سے اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک آف پاکستان کی جانب سے سودی نظام کے حق میں دائرکردہ اپیلوں کی واپسی خوش آئند ہے، وفاقی حکومت کی ذمے داری ہے کہ دیگر نجی بینکوں سے بھی ایسی اپیلیں واپس کرائے اور غیرسودی نظام کے لیے ضروری قانونی سازی کو یقینی بنائے ۔انہوں نے کہاکہ سودی معیشت سے نجات حاصل کیے بغیر نہ ہماری معیشت بہتر ہو سکتی ہے اور نہ معاشی حالات ، سودی معیشت اور بیرونی قرضوں نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے ۔اس صورتحال سے نکلنے کے لیے ضروری ہے کہ حکومتی سطح پر سنجیدہ کوششیں اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں ۔