مزید خبریں

ترکیہ کیساتھ دو طرفہ تجارتی حجم5 ارب ڈالر تک بڑھائینگے،وزیراعظم

استنبول/ اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں دستیاب پرکشش مواقع سے بھرپور استفادہ کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بالخصوص قابل تجدید توانائی، دفاعی پیداوار، شمسی توانائی سمیت متنوع شعبہ جات میں ترک سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کریں گے‘ تجارت اور سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے موثر اقدامات کر رہے ہیں جبکہ ترکیہ کے ساتھ 3 برس میں باہمی تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار ہفتے کو پاکستان ترکیہ بزنس کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے گزشتہ دنوں ترکیہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ پاکستان کی طرح دہشت گردی کا نشانہ بنتا رہا ہے جس میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ہمیں انتہائی دکھ ہے۔وزیراعظم شہباز شریف سے ترکیہ کی معروف کاروباری شخصیات نے ون آن ون ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ترک تاجروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، وزیراعظم نے ترک تاجروں کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ بینک کے صدر نے ہفتے کو استنبول میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران بینک کے صدر نے وزیراعظم کو بتایا کہ بینک پاکستان کو 150 ملین یورو کا قرض دے گا جبکہ150 ملین یورو کی مالی معاونت سیلاب متاثرین کی بحالی پرخرچ ہوگی۔