مزید خبریں

کوہلو:سیکورٹی فورسز کی کارروائی ،9 دہشت گرد ہلاک،3 زخمی حالت میں گرفتار

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)سیکورٹی فورسز کا بلوچستان کے علاقے سیاہ کوہ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ بلوچستان حکومت کی پریس ریلیز کے مطابق دہشت گرد تنظیم کے لوگ کوہلو، کاہان اور میوند میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ اسی دہشت گرد تنظیم نے 30 ستمبر 2022 کو کوہلو بازار میں ایک حلوائی کی دوکان میں بھی دھماکا کیا تھا جس میں دو لوگ شہید اور 19 معصوم لوگ زخمی ہوئے تھے۔ یہ آپریشن مقامی لوگوں کی شکایات پر کیا گیا۔ آخری اطلاعات کے مطابق 9دہشت گرد وں کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا ہے جبکہ 3دہشت گردوں کو سیکورٹی فورسز نے زندہ گرفتار کر لیا ہے۔ مارے گئے دہشت گرد اغوا برائے توان، بھتا خوری اور سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ اس کے علاوہ دہشت گرد بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے انجینئرز اور مزدوروں کو بھی نشانہ بناتے تھے۔ ان دہشت گردوں کو ملک دشمن عناصر کی جانب سے امداد دی جارہی تھی‘ سیکورٹی فورسز کا علاقے میں مزید دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن ابھی جاری ہے۔