مزید خبریں

فیفا ورلڈ کپ: فیورٹ تیونس کو آسٹریلیا نے 1-0 سے ہرادیا

دوحا/کراچی (سید وزیر علی قادری) فیفا ورلڈکپ گروپ ڈی کے میچ میں آسٹریلیا نے فیورٹ تیونس کو 0-1 سے شکست دیدی، پولینڈ نے بھی سعودی عرب کو2-0 سے ہرادیا اور فرانس نے ڈنمارک کو 2-1 سے شکست دی۔ تفصیلات کے مطابق الجنوب اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا اور تیونس نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا تاہم آسٹریلیا نے پہلے ہاف کے 23 ویں منٹ میں گول اسکور کر کے سبقت حاصل کرلی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ تیونس نے متعدد بار گول کرنے کے مواقع پیدا کیے تاہم گول نہ کرسکی۔ علاوہ ازیں ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پولینڈ بمقابلہ سعودی عرب میچ میں پولینڈ کی جانب سے پیوتر زیلِنسکی نے 39 ویں منٹ میں ٹیم کو برتری دلائی جس کو روبرٹ لیوینڈوسکی نے 82 ویں منٹ میں دْگنا کردیا۔ گروپ سی کے پوائنٹس ٹیبل پر پولینڈ 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ سعودی عرب 3 پوائنٹس کیساتھ دوسرے نمبر ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز اسٹیڈیم 974 (راس ابو عبود) میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے 23 ویں میچ میں فرانس کی جانب سے مباپے نے 61 ویں منٹ میں پہلا گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی جس کو ڈنمارک کے اینڈریاس کرسٹنسن نے 68 ویں منٹ میں برابر کر دیا۔ کھیل کے 86 ویں منٹ میں فرانس کے مباپے ہی نے دوسرا گول اسکور کر کے فرانس کو ایک اور مرتبہ برتری دلائی جو کھیل کا وقت ختم ہونے تک برقرار رہی۔