مزید خبریں

Jamaat e islami

فیفا ورلڈ کپ: پرتگال نے گھانا کو 3-2 سے شکست دے دی

 

کراچی (سید وزیر علی قادری) فیفا ورلڈکپ میں پرتگال نے گھانا سے میچ کے دوارن آخری لمحات میں یکے بعد دیگرے 2 گول کرتے ہوئے 3-2 سے ٹورنامنٹ کی پہلی فتح سمیٹ لی، بیلجئم نے کینیڈا کو 1-0 اور سوئٹزرلینڈ نے کیمرون کو 1-0 سے شکست دے دی جبکہ جنوبی کوریا اور یوراگوئے کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا، دونوں ٹیموں نے ایک ایک پوائنٹ حاصل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق دوحا کے راس ابوعبود اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ H کے میچ میں ورلڈکپ کی فیورٹ پرتگال اور گھانا مد مقابل آئیں، پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کرسکیں۔ دوسرے ہاف کے آغاز پر ہی گھانا کے کھلاڑی کی غلطی نے پرتگال کو پنالٹی کارنر دلادیا جس کا کپتان رونالڈو نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ٹیم کے لئے پہلا گول اسکور کردیا۔ میچ کے 73 ویں منٹ میں گھانا کے آندرے آئیوے نے پرتگال کا دفاعی حصار توڑتے ہوئے گول داغ کر مقابلہ برابر کردیا۔ 78 ویں منٹ میں پرتگال نے جوابی حملہ کرتے ہوئے گھانا کے خلاف دوسرا گول کرڈالا اور کھیل کے 80ویں منٹ میں پرتگال اسٹرائیکر رافیل لاوئیو نے شاندار گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔ میچ ختم ہونے سے ایک منٹ قبل گھانا کے عثمان بخاری نے اپنی ٹیم کی جانب سے دوسرا گول داغ کر پرتگال کے کیمپ میں کھلبلی مچادی مگر وہ میچ برابر کرنے میں ناکام رہے۔ علاوہ ازیں احمد بن علی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ F کے میچ میں ابتداء ہی سے بیلجیئم کی ٹیم کھیل پر حاوی نظر آئی اور میچ کے پہلے ہاف کے آخری منٹ میں بیشوائی نے گول اسکور کرکے ٹیم کو برتری دلائی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ کینیڈا کی ٹیم نے میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم گول اسکور نہ کرسکی۔ علاوہ ازیں الجنوب اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ G کے میچ میںسوئٹزرلینڈ اور کیمرون کی ٹیمیں مدمقابل آئیں، میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی بھی گول اسکورنہ کرسکیں،دوسرے ہاف میں سوئس ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 48 ویں میچ میں برل ایمبولو نے گول کرکے ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی جبکہ کیمرون کی ٹیم کئی یقینی مواقعوں کو گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہی۔ علاوہ ازیں ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے 14 ویں اور گروپ H کے پہلے میچ میں جنوبی کوریا اور یوروگوائے کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں اور کوئی گول اسکور نہ کر سکی۔ میچ برابر ہونے کی وجہ سے دونوں ٹیموں نے ایک ایک پوائنٹ حاصل کر لیا۔