مزید خبریں

فیفا ورلڈکپ: ارجنٹینا کو سعودی عرب کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست

دوحا/ کراچی (سید وزیر علی قادری) فیفا ورلڈکپ کے گروپ C کے میچ میں سعودی عرب نے ارجنٹینا کو زبردست مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے 2 گول سےاَپ سیٹ شکست دیدی، پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے تاریخی فتح پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو مبارکباد دی ہے۔ گروپ ڈی کے میچ میں ڈنمارک اور تیونس کے درمیان کھیلا گیا میچ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے 9 ویں منٹ میںہی پہلا گول اسکور کردیا، جس کے بعد پہلے ہاف میں ہی مزید 2 بار گیند کو جال میں پہنچانے میں کامیاب رہے تاہم امپائر نے دونوں گولز کو فاؤل قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ سعودی عرب نے دوسرے راؤنڈ میں جارحانہ کھیل پیش کیا اور ارجنٹینا کی سبقت کو ختم کرتے ہوئے 48 منٹ میں صالح الشہری نے گول مار کر میچ برابر کردیا اور صرف 5 منٹ بعد ہی سعودی فٹبالرسلیم الدواسری نے دوسرا گول داغ کر سعودی عرب کی ٹیم کو سبقت دلادی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ قبل ازیں دوحا کے ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے چھٹے میچ میں گروپ ڈی کی ٹیمیں ڈنمارک اور تیونس اپنے افتتاحی میچ میں کوئی گول نہ کر سکیں۔ پہلے ہاف میں تیونس کی ٹیم نے گول اسکور کرنے کے کئی مواقع گنوا دیے۔ دوسری جانب میچ کے آخری لمحات میں ڈنمارک نے پنالٹی کی اپیل کی جو وی اے آر پر دیکھے جانے کے بعد ریفری کی جانب سے مسترد کردی گئی۔ اور میچ صفر صفر سے برابر رہا۔ گزشتہ شب ہی کھیلے گئے کے تیسرے میچ میں گروپ C کی ٹیمیں میکسیو اور پولینڈ مقابل ہوئیں، لیکن کھیل کے وقت کے اختتام تک کوئی ٹیم گول نہ کرسکی جس کے بعد 7 اضافی منٹ دیے گئے لیکن پھر بھی کوئی ٹیم گول نہ کرسکی اور یہ میچ بھی صفر صفر سے برابر رہا۔