مزید خبریں

فیفا ورلڈ کا آغاز ،میزبان قطر افتتاحی میچ میں ایکواڈور سے ہار گیا

دوحا/ کراچی ( سید وزیر علی قادری ) 4 سال کے انتظار کے بعد بالآخر قطر کے دارالحکومت دوحا میں فٹبال ورلڈ کپ کا میلہ سج گیا، اس طرح قطر عرب دنیا کا پہلا اور ایشیا کا دوسرا ملک بن گیا جسکو میزبانی کا اعزاز حاصل ہوگیا، روس اس سے پہلے واحد ایشیا کا ملک تھا جس کو یہ ذمے داری سونپی گئی تھی، 22ویں فیفا ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب اسٹیڈیم میں ہوئی جس میں تمام 32 ٹیموں سمیت دنیا کی اعلیٰ و مقتدر شخصیات نے شرکت کی، میگا ایونٹ کا افتتاحی میچ میزبان قطر اور ایکوا ڈور کی ٹیموں کے درمیان شہر الخور کے البیت اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں ایکواڈور نے میزبان ملک کو 0-2 سے شکست دے دی۔ 60 ہزار افراد کی گنجائش والا اسٹیڈیم مکمل بھرا ہوا تھا۔ میچ کے آٹھویں منٹ میں ایکواڈور کی ٹیم پہلے گول کیلیے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچانے میں کامیاب رہی مگر ریفری نے فاؤل کے سبب یہ گول مسترد کردیا۔ ایکواڈور کی جانب سے پہلا گول ان کے تجربہ کار کھلاڑی اور کپتان اینر ویلنسیا نے 16ویں منٹ میں پنالٹی کک پر کیا، 31 ویں منٹ میں ایکواڈور نے دوسرا گول بھی کردیا اور اینر ویلنسیا نے ہی پریسیاڈو کے کراس پر ہیڈر کے ذریعے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچائی۔ وقفے تک اسکور 2 صفر تھا، دوسرے ہاف میں بھی ایکواڈور کا پلڑا بھاری رہا لیکن قطر کی ٹیم نے بھی نسبتاً بہتر کھیل پیش کیا۔ اس ہاف میں قطرکو گول کرنے کے 2، 3 اچھے مواقع بھی ملے مگر قطر کی ٹیم کوئی گول نہ کرسکی، دوسری جانب ایکواڈور کی ٹیم اپنے اسکور میں اضافہ نہ کرسکی یوں ورلڈکپ فٹبال کا افتتاحی میچ ایکواڈور کی 0-2 کی فتح پر ختم ہوا۔