مزید خبریں

۔22ویں فیفا ورلڈ کپ کا آج سے قطر میں آغاز ہوگا

دوحا/کراچی (رپورٹ: سید وزیر علی قادری) فیفا ورلڈ کپ کا 22واں ایڈیشن قطر کے درالحکومت دوحا میں آج سے شروع ہورہا ہے جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور تمام شریک 32 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے پہنچ گئی ہیں اور پریکٹس میچز میں اپنی
کمزوریوں کودور کرنے کی کوچز نے ٹریننگ میں بھرپور توجہ دی ہے۔ آج رنگا رنگ تقریب میں افتتاح کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کرلیے گئے ہیں۔ فرانس نے 2018 ورلڈ کپ کے فائنل میں کروشیا کو شکست دے کر دوسری مرتبہ ورلڈ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا، ورلڈ کپ کی تاریخ میں برازیل کو سب سے زیادہ 5 مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، جرمنی اور اٹلی کی ٹیمیں چار، چار مرتبہ، ارجنٹائن، فرانس اور یوروگوئے کو دو، دو مرتبہ جبکہ سپین اور انگلینڈ کی ٹیمیں ایک، ایک مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں، ٹورنامنٹ میں شامل 32 ٹیموں میں میزبان قطر ، برازیل، بیلجیم، فرانس، ارجنٹائن، انگلینڈ، سپین، پرتگال، میکسیکو، ہالینڈ ، ڈنمارک، جرمنی، یوراگوئے، سوئٹزرلینڈ، امریکا، کروشیا، سینیگال، ایران، جاپان، مراکش، سربیا، پولینڈ، جنوبی کوریا ، تیونس ، کیمرون، کینیڈا، ایکواڈور، سعودی عرب، گھانا، ویلز، کوسٹا ریکا اور آسٹریلیا شامل ہیں، ان ٹیموں کو 8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، میگا ایونٹ کا پری کوارٹر فائنل راﺅنڈ 3 سے 6 دسمبر تک کھیلا جائے گا جس کے بعد کوارٹر فائنل مرحلہ 9 دسمبر سے شروع ہوگا جو 10 دسمبر کو ختم ہوگا، میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 13 دسمبر جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 14 دسمبر کو کھیلا جائے گا، تیسری پوزیشن کے لئے میچ 17 دسمبر جبکہ فائنل 18 دسمبر کو لوسیل آئیکونک سٹیڈیم، لوسیل میں کھیلا جائے گا۔ فیفا نے میگا ایونٹ میں شریک ٹیموں اور کھلاڑیوں کے لیے خزانے کے منہ کھول دیے ہیں،ایونٹ میں 440ملین ڈالر کی رقم تقسیم ہوگی۔