مزید خبریں

ـ220ارب ڈالر کا قطر فیفا کپ دنیا کا مہنگا ترین ٹورنامنٹ

کراچی (رپورٹ: سید وزیر علی قادری)قطر عالمی کپ کی میزبانی کرنے والا پہلا عرب ملک جبکے دوسرا ایشیائی ملک ہے جس کو فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی کا تخمینہ تقریبا 220 ارب ڈالر ہے جو روس میں منعقد ہونے والے گزشتہ فٹبال ورلڈ کپ کی لاگت سے تقریبا 20 گنا زیادہ ہے۔ قطر میں منعقد ہونے والا یہ عالمی کپ کھیلوں کی دنیا کا مہنگا ترین ٹورنامنٹ ہوگا جو کہ 20نومبر اتوار سے شروع ہو رہا ہے۔قطر کے پاس نامزدگی سے قبل ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے کے لائق عالمی معیار کا کوئی ا سٹیڈیم موجود نہیں تھا۔ لہذا ا سٹیڈیم کی تعمیر پہلا مقصد تھا۔ قطر نے عالمی کپ کے 64 میچوں کے لیے 8 اسٹیڈیمز بنائے ہیں۔ تمام ا سٹیڈیم دارالحکومت دوحا کے 55 کلومیٹر کی حدود کے دائرے میں واقع ہیں جہاں تماشائیوں کی بڑی تعداد کے لیے گنجائش موجود ہے۔ قطر ہی دنیا کا وہ پہلا ملک ہے جس نے عالمی کپ کے میچوں کے لیے عارضی اسٹیڈیم بنایا ہے، اس اسٹیڈیم کو اسٹیڈیم 974 کا نام دیا گیا ہے جو قطر کا ڈائلنگ کوڈ بھی ہے۔ یہ ا سٹیڈیم بنیادی طور پر ری سائیکل شدہ مواد سے بنایا گیا ہے اور اس کی تعمیر میں زیادہ تعداد شپنگ کنٹینروں کی ہے،ورلڈ کپ کے اختتام پر جب اس اسٹیڈیم کی مزید ضرورت نہیں رہے گی تب اس کو ختم کردیا جائے گا اور تمام ری سائیکل مواد ترقی پذیر ممالک کو عطیہ کردیا جائے گا۔ تمام ا سٹیڈیم کی تعمیر میں تقریبا 6 سے 10 ارب ڈالر کی لاگت آئی ہے جبکے بقیہ اخراجات قطر قومی پلان 2030 پر ہوئے۔ورلڈ کپ کا انعقاد قطر کے ویژن 2030 کا حصہ ہے۔ قومی ویژن کا مقصد ہے کہ 2030 تک قطر ایک ترقی یافتہ معاشرہ بن جائے جو اپنی ترقی کو برقرار رکھے اور اپنے لوگوں کے لیے اعلی معیارِ زندگی فراہم کرنے کے قابل ہو۔یہ پلان انفراسٹرکچر کی تعمیر پر مرکوز ہے جس میں ہوٹلوں کے ساتھ ایک اختراعی مرکز کی تعمیر، ایک جدید ترین سب وے نیٹ ورک اور ہوائی اڈے شامل ہے۔یاد رہے کہ 2018 میں روس میں منعقد ہونے والے عالمی کپ میں 11 ارب 60 کروڑ ڈالر کے اخراجات آئے تھے۔