مزید خبریں

ٹھٹھہ :کراچی مچھر کالونی میں تشدد سے جاں بحق ایمن سعید کی تدفین

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت)کراچی مچھر کالونی میں درندہ صفت افراد کی جانب سے وحشیانہ تشدد سے جاں بحق ہونے والے ٹھٹھہ کے سینئر صحافی کے نوجوان بیٹے ایمن سعید کی نمازِ جنازہ اوجڑی مسجد میں ادا اور مکلی میں تدفین کر دی گئی۔اس موقع پر سماجی، مذہبی، سیاسی اور قوم پرست جماعتوں کی جانب سے نوجوانوں کی ہلاکت پر سخت مذمت کی گئی۔ جنازے میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی لیکن ٹیلی کام کمپنی کراچی اور ٹھٹھہ کے کسی نمائندے، ایم این اے ،ایم پی ایز جنازے میں شریک نہیں ہوئے۔ سینئر صحافی سعید جاوید کا کہنا تھا کہ مچھر کالونی میں درندہ صفت افراد نے میرے نوجوان بیٹے کو شہید کردیا، اس قسم کے واقعات افسوسناک ہیں، آج میرے بیٹے کو مارا گیا کل کسی اور کے بیٹے کو اسی طرح مار دیا جائے گا، ایسے واقعات فوری بند ہونے چاہییں۔ سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے ٹیلی فون پر سینئر صحافی سعید جاوید سے تعزیت کی اور کہا کہ درندوں کو عبرت ناک سزا ملنا چاہیے ۔انہوں نے کہا سندھ ترقی پسند پارٹی ٹھٹھہ کے ایمن سعید اور نوشہرو فیروز کے اسحاق پھنور کے ورثاء کے ساتھ ہے،اس درناک واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ دوسری جانب ٹھٹھہ کی سماجی مذہبی سیاسی جماعت شہریوں اور صحافی برادری نے مچھر کالونی واقعہ کی شدید الفاظوں میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ درندہ صفت افراد کو گرفتار کیا جائے ۔