مزید خبریں

مسلسل مہنگائی اور اقتصادی بحران نے عوام کو تھکا دیا ہے

اسلام آباد (کامرس ڈیسک)پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ تین سال میں جاری اقتصادی بحران نے عوام کو تھکا دیا ہے۔کاروباری برادری کی پریشانی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے تاہم اب حالات بہتر ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ عوام کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ سابقہ حکومت نے اکنامک مس منیجمنٹ اور وسائل کے ضیاں کے نئے ریکارڈ قائم کئے جس نے ملک کو تقریباً دیوالیہ کر دیا۔مہنگائی آسمان سے باتیں کرنے لگی اور روپے کی حیثیت ٹشو پیپر سے بھی کم ہو گئی ۔ درجنوں صنعتکاروں نے کاروباردیگرممالک کومنتقل کردیا اوربہت سے دبئی کی پراپرٹی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے لگے جس سے روپیہ کمزور ہو گیا۔ پہلا بحران 2018۔2019 میں آیا کیونکہ سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف سے قرضہ لینے میں کئی ماہ کی تاخیرکی جس سے معیشت کوناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ تاہم اس کے بعد معاہدہ ہوگیا اورزرمبادلہ کے ذخائراورروپے میں کچھ استحکام آیا جس کے بعد کرونا وائرس کی وبا شروع ہوگئی جس کے دوران دیگرممالک کی طرح پاکستان میں بھی روپیہ پانی کی طرح بہایا گیا۔ اس بحران کے بعد سابقہ حکومت نے ووٹروں کوخوش کرنے کے لئے ایسے اقدامات شروع کئے جن پرمقامی ماہرین اورعالمی اداروں نے اعتراضات کئے مگر ارباب اختیار نے کسی کی نہ سنی اور خزانے کوخالی کرڈالا۔ اس حکومت کے جانے کے بعد سیاسی کشیدگی شروع ہوگئی جو ابھی بھی جاری ہے۔