مزید خبریں

پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے مہنگائی کے تحفے دیے،رانا سکندر

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی پی پی111کی یونین کونسل 41میں اجتماع عام زونل امیر غلام عباس کی زیرقیادت ہواجس میں اہل علاقہ کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔اجتماع عام سے جماعت اسلامی ٹریڈونگ کے صدر وامیدوار قومی اسمبلی این اے 104راناسکندراعظم خاں، ضلعی صدر سیاسی کمیٹی میاں طاہرایوب محمدیٰسین انصاری،سیدریاض حسین شاہ اوردیگرنے خطاب کیا۔رہنمائوں نے کہاکہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے مہنگائی اور بے روزگاری کے تحفے دیے۔ اس وقت مرکز میں تیرہ جماعتوں کی مشترکہ حکومت ہے جبکہ پنجاب اور کے پی میں پی ٹی آئی اقتدار میں ہے لیکن یہ سب مل کر بھی ملک کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے۔ پاکستان میں تمام وسائل موجود ہیں مگر اصل مسئلہ ایمان دار اور اہل لیڈرشپ کا نہ ہونا ہے۔ جماعت اسلامی سمجھتی ہے کہ تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کے نظام میں ہے۔ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل ہوا اور دین ہی اس کی بقا اور خوشحالی کا ضامن ہے۔ گزشتہ 75 برسوں میں مختلف تجربات ہوئے، مگر کوئی بہتری نہیں آئی، اب قوم کو اسلامی نظام چاہیے۔رہنمائوںنے کہا کہ ملک کے عوام کی بڑی اکثریت اسلامی نظام چاہتی ہے، مگر استعماری طاقتوں اور ان کے آلہ کار سازشوں کے ذریعے قوم کو اس نظام سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔ ملک میں احتساب نام کی کوئی چیز نہیں بچی، عوام کا اداروں کے ساتھ ریاست پر اعتماد بھی ختم ہو رہا ہے۔ عدالتوں میں انصاف ہے نہ ایوانوں میں قانون سازی، احتساب کے ادارے بے بس، الیکشن کمیشن شفاف انتخابات نہیں کرا سکتا۔ تعلیمی ادارے برباد، ڈھائی کروڑ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر، غریب کے لیے اسپتال میں علاج دستیاب نہیں۔ مرکزی اور صوبائی حکومتیں پوری طرح ایکسپوز ہو گئیں، مصنوعی آکسیجن پر نظام نہیں چل سکتا۔ اللہ کی مددونصرت اور عوام کی تائید سے اقتدار ملا تو جماعت اسلامی کرپٹ لوگوں کا کڑا احتساب کرے گی۔ عوام نے گزشتہ سات دہائیوں میں مارشل لاز اور نام نہاد جمہوری ادوار دیکھ لیے اب ایک موقع اسلامی نظام کو ملنا چاہیے۔