مزید خبریں

حکمرانوں نے قوم کو یرغمال بنایا ہوا ہے،عبدالستار بیگا

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیرمیاں عبدالستار بیگا ، جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم نے کہا ہے کہ اس وقت پی ڈی ایم کی13 جماعتیں اور پی ٹی آئی صوبوں اور وفاق میں حکومت کر رہی ہیں، لیکن ملک کے مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈالر کی قیمت میں کمی کے باوجود مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ حکمرانوں نے قوم کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ سیلاب کے دوران بھی حکمرانوں نے سوا 3 کروڑ لوگوں کو بے یارومددگار چھوڑا۔ ملک کے فیصلے واشنگٹن کے بند کمروں میں ہوتے ہیں اور حکمران استعماری ایجنڈا ملک میں نافذ کرتے ہیں، یہ لوگ اپنی نسلوں کا مستقبل محفوظ اور عام فرد کا بھیانک بنا رہے ہیں۔ میاں عبدالستاربیگانے کہاکہ تینوں بڑی جماعتوں نے قومی معیشت کی تباہی کے اس مشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ قومی بینک کو پرائیوٹائز کیا گیااور ایسے قوانین تشکیل دیے گئے جن سے ہماری حکومت کا پالیسی سازی میں کردار نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے۔ معاشی نظام کی تباہی کے ساتھ ساتھ حکمرانوں نے قوم کو لڑائو، تقسیم کرو کے ایجنڈے کو بھی جاری رکھا۔ قوم کے ساتھ مسلسل جھوٹ بولا جا رہا ہے، تینوں بڑی جماعتوں کی پالیسیاں ایک ہیں، مگر بظاہر ان میں لڑائی جاری ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے سیلاب کے دوران بھی آپسی مفادات کی لڑائیاں جاری رکھیں اور متاثرین کو تنہا چھوڑا۔ انھوں نے کہا کہ قومی معیشت کی زبوں حالی اور سیاسی پولرائزیشن کو بڑھاوا دینے کے بعد اب حکمران جماعتیں مغربی اور سیکولر لابیز کے زیراثر ہماری سماجی اقدار کی تباہی میں آلہ کار بنی ہوئی ہیں۔ گھریلو تشدد کا قانون اور ٹرانس جینڈر ایکٹ انہی سازشوں کا حصہ ہیں۔ حال ہی میں آئین کے آرٹیکل 62ون ایف میں بھی تبدیلی کی باتیں شروع ہو گئی ہیں۔ نوجوانوں کی ذمے داری ہے کہ سازشوں کو سمجھیں اور ان کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے آپ کو تیار کریں۔