مزید خبریں

بجلی کے بریک ڈائون کی تحقیقات کی جائے،جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پورے ملک میں بجلی کے بریک ڈائون کی تحقیقات کی جائیں،قوم کو بتایا جائے کہ کیسے 8ہزار میگاواٹ سسٹم سے نکل گیا؟ اس کی اصل صورتحال قوم کے سامنے لائی جائے۔ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل اورپاکستان کو سیاسی و معاشی استحکام کے لیے تمام اسٹک ہولڈرز کو افہام و تفہیم کا مظاہر ہ کرنا ہوگا۔ عوام کو درپیش مسائل دن بدن بڑھتے چلے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام پریشان ہیں پیٹرولیم، بجلی اورگیس کی قیمتوں میں ہوشر با اضافہ کرکے حکمرانوں نے مظالم کی انتہا کردی ہے۔ملک میں جو بھی بر سر اقتدار آیا ہے اس نے عوام کو دونوں ہاتھوں سے ہی لوٹا ہے۔ان لوگوں سے خیر خواہی کی کوئی امید باقی نہیں رہی۔ پی ڈی ایم کی قیادت کے پاس کوئی متبادل ایجنڈا نہیں تھا تواس نے ملک کے اندر سیاسی عدم استحکام کیوں پیدا کیا۔؟ ملکی حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے،جبکہ محض دکھاوے اور ڈنگ ٹپاؤ اقدامات کے سوا کچھ نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری کی خواہش رکھنے والے غریب عوام کو دو وقت کی روٹی اور روزگار سے بھی محروم کرنا چاہتے ہیں۔ اگر حکمران ادارے ٹھیک نہیں کرسکتے، اداروں سے کرپشن کا قلع قمع نہیں کرسکتے اور ان کو منافع بخش نہیں بناسکتے تو ان نا اہلوں سے ملک چلانے کی امید کیسے کی جاسکتی ہے؟۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ سودی معاشی نظام کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ سودی نظام تمام مسائل کی بنیادی جڑ ہے، حکومت نے اس کے لیے روڈ میپ دے۔ ملک میں معاشی عدم استحکام اور بے یقینی کی صورتحال بڑھتی چلی جارہی ہے۔