مزید خبریں

کشمیری قیادت کی ٹارگٹ کلنگ بھارت کو سوچا سمجھا منصوبہ ہے ، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بھارتی بد نام زمانہ جیل تہاڑ میں کشمیری رہنما الطاف شاہ کی شہادت قابل مذمت، حکومت پاکستان اس معاملے کو عالمی سطح پر اٹھائے۔ کشمیری قیادت کی ٹارگٹ کلنگ بھارتی حکومت کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے۔ مقبوضہ وادی میں مودی سرکار نے مظالم کی انتہا کردی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں 94ہزار 888کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔ ایک لاکھ 43ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ اب تک ایک لاکھ 8ہزار سے زائددکانوں اور دیگر تعمیرات کو نذر آتش کیا گیا ہے۔ 11ہزار سے زائد خواتین کی بے حرمتی کی گئی۔ برھان وانی کی شہادت کے بعد سے اب تک 20ہزار 873کو زخمی کیا جاچکا ہے۔ پیلٹ گنوں سے 8355 کشمیری زخمی جبکہ 73افراد اپنی بینائی سے ہمیشہ کے لیے محروم ہوچکے ہیں۔ ظلم و ستم کا یہ سلسلہ ابھی رکا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے نہتے عام 1947ء سے تحریک آزادی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ بھارت کی حکومت نے اس تحریک آزادی کو دبانے کے لیے کالے قوانین کا نفاذ کر رکھا ہے۔ 80لاکھ افراد کو 1164دنوں سے فوجی محاصرے میں رکھا ہوا ہے۔ مگر مجال ہے کہ عالمی برادری نے اس پر توجہ دی ہو یا آواز بلند کی ہو۔ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ کشمیری رہنما کے جنازے میں لوگوں کو شرکت سے روکنا مودی حکومت کے اخلاقی دیوالیہ پن کی عکاسی کرتا ہے۔دوران قید اہل خانہ کو بھی ملاقات کی اجازت نہ دی گئی جو کہ انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ بھارتی دہشت گردی نام نہاد جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ مودی دور حکومت میں بھار ت کے اندر آباد اقلیتوں پر بھی عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے۔ مودی کی جانب سے گجرات کے جلسہ میں دیا گیا بیان کہ اس نے مسئلہ کشمیر کو حل کردیا ہے۔ بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ ہے۔ نیدر مودی کے اقدامات نے مسئلہ کشمیر کو اب آتش فشاں بنا دیا ہے۔کشمیری عوام بھارت سے نجات حاصل کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔