مزید خبریں

آپﷺ کا کردار ایک معلم کے طور پر کل جہاں کیلیے ہے

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے زرعی یونیورسٹی کے زیراہتمام میرے نبیؐ میرے رہنماکے عنوان سے قذافی ہال میں ہونیو الی سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیکچرار قائد اعظم یونیورسٹی برادر عمار محبوب نے کہاکہ حضور پاک ؐتمام انسانیت کے لیے نمونہ بن کے آئے اور آپ کا کردار ایک معلم کے طور پر کل جہان کیلیے ہے۔ رسول اللہ ﷺ کی پیروی اور اچھی اخلاقی تربیت انسان کو دنیامیں بہترین زندگی گزارنے کے گر سکھاتی ہے اور یہی آخرت میں کامیابی کا زینہ ہے۔ اس موقع پر ناظم زرعی یونیورسٹی محمدعثمان گجراوردیگرعہدیداران کے علاوہ طلبہ کی کثیر تعدادپروگرام میں شریک تھی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہاکہ نبی کریمﷺکی زندگی ہم سب کے لیے مشعل راہ اور ان سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات دکھی انسانوں کے لیے خوشی کی نوید ہے۔ نبی کریم ﷺ نے پوری زندگی عدل و انصاف کا درس دیا ہے۔ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے کرہ ارض کو جنت کا نمونہ بنانا ہم سب کی ذمے داری ہے۔ معاشرے میں بے راہ روی کی اصل وجہ نبی ﷺکی تعلیمات کو بھلادینا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ نبی کریم ﷺ کی زندگی کو عملی نمونہ بنایا جائے اور معاشرے میں آپ ﷺ کی تعلیمات کو عام کیا جائے۔نبی کریم ﷺکی سیرت مبارکہ ہم سب کے لیے قابل تقلید اور بہترین نمونہ ہے۔ آپﷺنبوت ملتے ہی کارنبوت پر استقامت سے ڈٹے رہے اور اسلام کے نفاذ کے لیے طویل جدوجہد کی۔ نبی کریم ﷺنے طویل اور ان تھک محنت کے بعد اسلامی ریاست قائم کی اور پوری دنیا میں اسلام کا بول بالا کیا۔