مزید خبریں

قانون ناموس رسالت پر آنچ نہیں آنے دیں گے ، جاوید قصوری

 

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی پیروی ہمارے ایمان کا بنیادی جزو ہے۔ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا تھا۔ پون صدی گزرنے کے باوجود آج بھی ملک میں دین اسلام کے دفاع کے لیے جنگ لڑنی پڑ رہی ہے۔ یہ ملک اسلامی کے دفاع کے لیے نہیں بلکہ اسلام کے نفاذ کے لیے بنایا گیا تھا۔اس میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا نظام حیات ہی کامیابی سے چل سکتا ہے باقی کوئی اور نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں تربیت گاہ کے شرکا اور شہر میں سیرت النبیﷺ کے حوالے سے منعقدہ مختلف پر وگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بانیانِ پاکستان اقبال و قائد نے برصغیر کے مسلمانوں کیلیے ایک الگ خطے کے حصول کی جدوجہد اس خطے کو اسلام کی تجربہ گاہ بنانے کیلیے کی تھی اور دو قومی نظریے کے تحت تشکیل پانے والے اس ملک خداداد کو محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات اور ان پر قران مجید کی شکل میں نازل کیے گئے احکام خداوندی کی روشنی میں ایک مثالی اسلامی‘ فلاحی‘ جمہوری معاشرہ کے قالب میں ڈھالنا ہی مقصود تھا مگر بد قسمتی سے آج امت کے زوال کا سبب اپنے رسول ﷺ سے بے تعلقی ہے۔ یہ تعلق مضبوط کرنے کا بہترین ذریعہ دین اسلام کی سربلندی کے لیے خود کو وقف کرنا ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اللہ اور اس محبوب کی دامن کو مضبوطی سے تھام لیں تاکہ ہماری دنیا اور آخرت سنور سکے۔انہوں نے کہا کہ ہم عقیدہ ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ قانونِ ناموس رسالت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ملک میں نظامِ مصطفی کی حکمرانی اور ناموسِ مصطفی کی پاسبانی کے لیے جد وجہد تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دشمنان اسلام کو معلوم ہو سکے کہ ہم ان کی سازشوں سے غافل نہیں ہیں۔ محمدجاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ تینوں بڑی جماعتیں مسلم لیگ ن،پیپلز پارٹی اورتحریک انصاف ان کے نام مختلف ہیں مگر ایجنڈے ایک ہی ہیں۔یہ لوگ غیر ملکی آقائوں کو خوش کرنے کے لیے پاکستان سے اسلامی اقدار کو ختم کرنا چاہتے ہیں ٹرانس جینڈر ایکٹ اس کی واضح مثال ہے۔