مزید خبریں

مذہبی منافرت میں ملوث افراد سے رعایت نہیں کرینگے،ڈی آئی جی حیدرآباد

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے کہا ہے کہ شر انگیزی و مذہبی منافرت میں ملوث افراد کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی ،چپ تعزیہ جلوس کی سیکورٹی کے لیے رینج کے تمام ایس ایس پیز کو جلوس کی روایتی گزرگاہوں پر حفاظتی اقدامات کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کردیے ہیں جس میں چپ تعزیہ جلوسوں کی سیکورٹی بھی عاشورہ اور چہلم شہدائے کربلا کے جلوسوں کی طرح ٹھوس جامع اور فول پروف بنائی جائے۔ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے مزید ہدایت کی کہ ایس ایس پیز صاحبان متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے باہمی مشاورت اور انکی تجاویز کی روشنی میں مرتب کردہ سیکورٹی کو بھی فول پروف بنائی جائے۔ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے جلوس کے چاروں اطراف سیکورٹی ڈیوٹی، سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکاران کی تعیناتی، انٹری چیکنگ، روف ٹاپ سیکورٹی، پولیس پکٹس، بم ڈسپوزل اسکواڈ، کنٹرول روم، ویڈیو ریکارڈنگ، ٹریفک مینجمینٹ، پارکنگ سمیت دیگر حفاظتی انتظامات کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے تمام ایس ایس پیز کو رینج میں بین المسالک رواداری اور امن و امان کی فضاء کو ہر صورت قائم رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے تمام ایس ایس پیز کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہر لمحہ قریبی رابطے میں رہنے، تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کو ان کی نقل و حرکت کے دوران سیکورٹی کی فراہمی، سندھ اور بلوچستان کے بارڈر ایریاز جو کہ دادو و جامشورو میں موجود ہیں وہاں انٹیلی جنس ایجنسیز کے اشتراک سے مضبوط چیک پوسٹ بنانے اور آنے جانے والے روٹس کی نگرانی میں اضافے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شر انگیزی و مذہبی منافرت میں ملوث افراد کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔