مزید خبریں

سرسید یونیورسٹی میں عالمی معیار کا جمنازیم بنانے کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایمل بلڈرز کے سی ای او افضال حمید نے کہا ہے کہ سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں بہت جلد کثیرالمقاصد اسپورٹس جمنازیم ہال تعمیر کیا جائیگا جس میں قریب 30 انڈور کھیلوں کی سہولیات میسر ہوں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرسید یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر کیا۔ انکے ہمراہ سرسید یونیورسٹی کے چانسلر پروفیسر جاوید انوار، وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرولی الدین، رجسٹرار سید سرفراز علی، ڈائریکٹر اسپورٹس مبشر مختار، اسپورٹس کنوینئیر قاضی نصر عباس، حافظ صدیق ماجد، انجینئر افنان فاروقی، واصف صدیقی، شاہد عزیز، ڈاکٹر عامر، ڈاکٹر شبر، ڈاکٹر عقیل، ڈائریکٹر مناف ایڈوانی، نعمان الدین اور دیگر بھی موجود تھے۔افضال حمید اپنی ٹیم کے ہمراہ سرسید یونیورسٹی تشریف لائے تھے۔ انہوں نے یونیورسٹی کا تفصیلی دورہ کیا اور موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ افضال حمید ماضی میں خود ایک اسپورٹس مین رہے ہیں۔ انہوں اس چیز کو محسوس کیا اور یونیورسٹی میں جمنازیم ہال تعمیر کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ انکا کہنا تھا کہ جمنازیم تعمیر ہونے کے بعد یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات اپنی جامعہ میں بھی کھیلوں کی سہولیات سے فائدہ اٹھا ئیں گے جس سے انکی فٹنس اور کارکردگی میں بہتری آئیگی۔اسپورٹس جمنازیم ہال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس کے بغیر ہم غیر ملکی ٹیموں کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ افضال حمید نے کہا کہ جمنازیم تعمیر ہونے کے بعد یہاں انٹرنیشنل مقابلوں کا انعقاد بھی ممکن ہوسکے گا۔ سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے افضال حمید کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جدید جمنازیم وقت کی اہم ضرورت ہے جو کھیلوں کے معیار کو بلند اور بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ طلباء و طالبات جمنازیم سے استفادہ کرتے ہوئے قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی بہترین و شاندارکارکردگی کی بدولت سبقت حاصل کرسکتے ہیں۔