مزید خبریں

بدین:سندھ ایجو کیشن فاؤنڈیشن اور مقامی پارٹنرز کے اشتراک سے تدریسی سرگرمیوں کا آغاز

بدین (نمائندہ جسارت) سندھ ایجو کیشن فاؤنڈیشن نے مقامی پارٹنرز کے اشتراک سے سیلاب متاثرین کے لیے قائم ریلیف ٹینٹ سٹیز میں ٹینٹ اسکول کا قیام کر کے تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ۔ بارشوں اور پران ندی کے شگاف کے پانی سے ڈوب جانے والے دیہاتوں سے نقل مکانی اور بے گھر ہو کر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پنگریو ملکانی مہراب شہر اور کھوسکی بائی پاس پر بنائے گئی ٹینٹ سٹی میں پناہ لینے والے متاثرین کے بچوں کو پڑھائی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے مقامی پاٹنرز کی شراکت سے ریجنل ڈائریکٹر نواب ظفر نے ڈسٹرکٹ افسر مجاہد حسین شاہ کے علاوہ سیف پاٹنر رام کوہلی مکیش میگواڑ اعجاز کمبار اور دیگر کے ہمراہ لرننگ ٹینٹ اسکول کا افتتاح کر کے تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا۔ ٹینٹ سٹیز میں بچوں کی بہت بڑی تعداد نے پڑھائی کا سلسلہ شروع کر دیا ۔اس موقع پر سندھ ایجو کیشن فاونڈیشن کے ریجنل ڈائریکٹر نواب ظفر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدین سمیت سندھ بھر میں ہونے والی بارشوں اور سیلاب سے جہاں لاکھوں افراد بے گھر ہو کر ریلیف کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے وہیں ان سیلاب زدہ علاقوں میں زیرآب آنے والے اسکولوں کے بچوں بھی متاثر ہوئے، تدریسی سرگرمیاں معطل ہو گئیں اور یہ بچے ذہنی طور پر صورتحال سے بہت پریشان تھے ،بچوں کی تعلیم ضائع ہوتے دیکھ کر سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن حکومت سندھ نے ضلع انتظامیہ کے تعاون اور ہمارے پہلے سے موجود مقامی پارٹنر کے اشتراک سے لرننگ ٹینٹ اسکول کا آغاز کر کے علم کی شمع کو ہر حالت میں روشن رکھنے کا عملی اقدام کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہ نواز خان نے اس سلسلہ میں خیموں سمیت دیگر سہولتوں کی فراہمی بھی ممکن بنا کر دی جبکہ بچوں کو کتابیں، کاپیاں، پین، پنسل کے علاوہ مقامی سطح سے ہی اساتذہ کی تعیناتی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا بچوں کو تعلیم کے ساتھ مصروف رکھ کر ذہنی طور پر حالات سے مقابلہ کرنے کے لیے تیار کر رہے ہیں ۔