مزید خبریں

متاثرین میں 50 ارب روپے سے زائد رقم تقسیم کی جاچکی،شازیہ مری

ٹنڈوالہیار (نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ عطا مری نے اہم ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرین میں 25 ہزار روپے فی خاندان دینے کا اعلان کیا تھا جس کی ذمہ داری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو سونپی گئی تھی، اب تک بینظیرایمرجنسی کیش امداد کے تحت سیلاب متاثرہ20 لاکھ خاندانوں میں 25000 روپے فی خاندان تقسیم کیے جاچکے ،مستحق سیلاب متاثرین میں اب تک 50 ارب روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی جاچکی اور ابھی بھی سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت سیلاب کے باعث بہت ہی سنگین حالات کا سامنا کر رہا ہے ،پوری کوشش ہے کہ دیگر جو لوگ رہ گئے ہیں ان تک بھی امدادی رقم پہنچائی جائے، امدادی رقم سے ناجائز کٹوتی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا، ملوث کرمنل عناصر کو گرفتار بھی کروایا گیا، متاثرین کورقم شفاف طریقے سے پہنچائی جارہی ہے اوربدعنوان عناصر سے کوئی رعایت نہ برتی جائے گی، خود بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے قائم کیمپوں کا دورہ کرکے سارے عمل کو مانیٹر کر رہی ہوں ،جہاں بھی کٹوتی کی ثبوتوں کے ساتھ شکایت موصول ہوتی ہیں وہاں فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔